امراوتی۔ 3 مئی (پی ٹی آئی) خوفناک طوفان ’فانی‘ آج اڈیشہ کے ساحل سے ٹکرایا جس کے اثر سے آندھراپردیش کے ضلع سریکاکلم میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی تاہم کوئی جانی نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ بارش کے مختلف واقعات میں 9 مویشی اور 12 بکرے فوت ہوگئے۔ آندھی اور طوفانی ہواؤں کے سبب 2000 برقی کھمبے اکھڑ گئے۔ 218 سیل فون ٹاورس کو نقصان پہنچا۔ انتہائی خوفناک طوفان صبح 8 بجے پوری کے ساحل سے ٹکرایا لیکن پیشگی وارننگس اور قبل از وقت احتیاطی اقدامات کے طور پر اڈیشہ کے 11 ساحلی اضلاع کے مخدوش، پرخطر نشیبی علاقوں سے 11 لاکھ افراد کے انخلاء کی بدولت تباہ کن طوفان کے باوجود صورتحال کو سنگین ہونے سے بچا لیا گیا۔ آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اپنی ریاست میں کئے جانے والے احتیاطی اقدامات کی تفصیلات بیان کی اور اڈیشہ میں کئے گئے اقدامات پر نوین پٹنائک حکومت کی بھرپور ستائش کی۔ سریکاکلم کے کلکتہ جے نواس نے متعلقہ حکام کو بدستور چوکس رہنے کی ہدایت کی اور اڈیشہ میں موسلادھار بارش کے سبب بہوڈا اور ویمسادھرا ندیوں میں طغیانی کا اندیشہ ظاہر کیا۔ چار منڈلوں کے تحت 149 مواضعات اس آندھی سے متاثر ہوئے ہیں۔ 406 ہیکٹرس پر محیط باغبانی کی فصلوں کے علاوہ 187 ہیکٹرس پر محیط دھان کی فصلیں اور 555 ہیکٹرس پر محیط مونگ پھلی، کپاس، مکئی، تمباکو اور سورج مکھی جیسی دیگر فصلیں تباہ ہوگئیں۔