ٹرانسلیٹرس، اے پی آر اوز، اکاؤنٹس آفیسر اور لکچرس کی جائیدادیں شامل
حیدرآباد ۔ 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش ریاستی پبلک سرویس کمیشن نے ریاست کے بیروزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی کیلئے پانچ مختلف نوٹیفکیشن (اعلامیے) جاری کیا ہے۔ ان اعلامیوں کی روشنی میں آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی میں مخلوعہ اسسٹنٹ تلگو ٹرانسلیٹرس کی 2 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ اسی طرح ریاستی محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ آندھراپردیش میں پائی جانے والی اسسٹنٹ پبلک ریلیشنز آفیسر (اے پی آر اوز) کی 15 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے اور اکاؤنٹس شعبہ میں ڈیویژنل اکاؤنٹس آفیسرس گریڈII کی مخلوعہ پائی جانے والی 20 جائیدادوں پر بھی تقررات کئے جائیں گے۔ ریاستی پبلک سرویس کمیشن کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ آندھراپردیش کے ریاستی محکمہ زراعت میں اگریکلچرل آفیسرس کی مخلوعہ 27 جائیدادوں اور آندھراپردیش اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے تحت جونیر لکچررس کی مخلوعہ پائی جانے والی 237 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے ہی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ علاوہ ازیں آندھراپردیش میں ہی ریاستی سطح پر 1051 پنچایت سکریٹریز کی مخلوعہ جائیدادوں پر بھی تقررات عمل میں لانے کیلئے آندھراپردیش ریاستی پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے۔