تلگودیشم کو صد فیصد کامیابی یقینی ، ایس یامینی شرما تلگودیشم قائد کا بیان
حیدرآباد /22 مئی ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش ریاستی تلگودیشم پارٹی نے اس بات کا ادعاء کیا کہ ریاست میں تلگودیشم کی صد فیصد کامیابی کیلئے ایک سو نہیں بلکہ ایک ہزار وجوہات پائی جاتی ہیں ۔ جبکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی کامیابی کے تعلق سے کوئی ایک وجہ بھی نہیں پائی جاتی ہے ۔ پارٹی ترجمان تلگودیشم پارٹی شریمتی ایس یامینی شرما نے آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا اظہار کیا اور کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی اپنی امکانی شکست کے پیش نظر ووٹوں کی گنتی کے موقع پر 23 مئی کو گڑبڑ و ہنگامہ آرائی کرنے کے منصوبہ جات مرتب کر رہی ہے ۔ انہوں نے اپنے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گڑبڑ کرنے کی سازشیں رچنے کی اطلاعات ہیں ۔ انہوں نے بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ صرف ایکزٹ پولس دیکھ کر نریندر مودی خوشیاں منارہے ہیں ۔ شریمتی یامینی شرما نے پیش قیاسی کی ہے کہ بی جے پی اور این ڈی اے کو 200 نشستیں بھی حاصل نہیں ہوں گی اور مرکز میں حکومت تشکیل دینے کے موقف میں نہیں رہیں گے ۔ انہوں نے آندھراپردیش کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات میں تلگودیشم کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی اور دوبارہ ریاست آندھراپردیش میں تلگودیشم ہی حکومت تشکیل دے گی ۔