آندھراپردیش میں انفارمیشن ٹکنالوجی کا فروغ

دفاتر ای آفس سے مربوط ، چیف منسٹر چندرا بابو کی خصوصی توجہ
حیدرآباد ۔/21 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو انفارمیشن ٹکنالوجی شعبہ پر اولین اہمیت و ترجیح دیتے ہوئے اس شعبہ پر اپنی توجہ مرکوز کرکے تیزی کے ساتھ آگے بڑھنے کیلئے کوشاں دکھائی دے رہے ہیں ۔ سابق میں جب وہ متحدہ ریاست آندھراپردیش ریاست کے چیف منسٹر تھے ریاست میں انفارمیشن ٹکنالوجی کی ترقی اور اس کے فروغ کیلئے انتہائی موثر اقدامات کئے تھے اور اس مرتبہ بھی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو ’’ای گورننس‘‘ پر توجہ مرکوز کرکے آج سکریٹریٹ آندھراپردیش میں ’’ ای آفس‘‘ کا آغاز کیا اور ڈیجیٹل دستخط کے ذریعہ پہلی فائل کی یکسوئی کی اور بہت جلد آندھراپردیش سکریٹریٹ میں پائے جانے والے مختلف محکمہ جات کے دفاتر کو ’’ ای آفس ‘‘ سے مربوط کیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ فی الوقت آندھراپردیش سکریٹریٹ میں 30 مختلف محکمہ جات کے دفاتر پائے جاتے ہیں جن کے منجملہ فی الوقت 10 مختلف محکمہ جات کے دفاتر کو ’’ ای آفس ‘‘ میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ اس طرح محکمہ جات زراعت ، فینانس درج فہرست اقوام و قبائیل و پسماندہ اور اقلیتی طبقات کے دفاتر ، قانون انصاف ، ہاؤزنگ ، انفارمیشن ٹکنالوجی ، سیول سپلائیز دفاتر کے علاوہ چیف سکریٹری اور چیف منسٹرس سکریٹریٹ کو ’’ ای آفس ‘‘ سے مربوط کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہر فائیل کی تیزی کے ساتھ یکسوئی کرنا ہی اس ای آفس کے آغاز کا اہم مقصد ہے اور ہر عہدیدار ڈیجیٹل دستخط کرنے کے باعث فائیلس کی عاجلانہ منظوری کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔