تمام نشستوں سے مقابلہ کیلئے کانگریس پرعزم ، صدر پی سی سی رگھوویرا ریڈی
حیدرآباد ۔ /31 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدر آندھراپردیش کانگریس کمیٹی مسٹر رگھو ویرا ریڈی نے واضح طور پر کہا ہے کہ ریاست میں آئندہ سال منعقد شدنی عام انتخابات کیلئے آندھراپردیش میں کسی بھی نوعیت کی انتخابی مفاہمت کے مسئلہ کا کانگریس ہائی کمان ہی فیصلہ کرے گی ۔ انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ کانگریس پارٹی ہائی کمان نے آندھراپردیش کے تمام حلقہ جات لوک سبھا اور تمام حلقہ جات اسمبلی سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہنے کا بھی انہیں اشارہ دیا ہے ۔ مسٹر رگھو ویرا ریڈی نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے 72 فیصد عوام مسٹر راہول گاندھی کو ملک کے وزیراعظم کی حیثیت سے دیکھنا چاہتے ہیں ۔ صدر پی سی سی نے بتایا کہ آئندہ چند دنوں یعنی (20) یوم کے دوران راہول گاندھی آندھراپردیش کا دورہ کریں گے ۔ تلگو فلم اسٹار و سابق مرکزی وزیر چرنجیوی کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر این رگھوویرا ریڈی نے کہا کہ وہ کانگر یس پارٹی میں ہی برقرار رہیں گے اور عام انتخابات سے دو ماہ قبل پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ انہوں نے جگن موہن ریڈی پر حملہ کے واقعہ میں مرکزی و ریاستی حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں اور حملہ کے واقعہ پر تلگودیشم پارٹی وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور بی جے پی تینوں ہی سیاست کررہے ہیں ۔