حیدرآباد یکم / اگست ( سیاست نیوز ) ریاست آندھراپردیش میں واقع گورنمنٹ ضلع پریشد اور میونسپل اسکولس میں مخلوعہ سکنڈری گریڈ ٹیچرس ( ایس جی ٹی ) اردو میڈیم کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے اعلامیہ ( نوٹیفکیشن ) جاری کئے جائیں گے ۔ مسٹر جی سرینواس راؤ وزیر فروغ انسانی وسائل نے یہ بات کہی اور بتایا کہ اعلامیہ کی اجرائی کے ذریعہ جملہ 211 اردو میڈیم ایس جی ٹی اساتذہ کے تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ ( ٹیٹ TET) کم ٹی آر ٹی ( ٹیچرس رکروٹمنٹ ٹسٹ 2014) کے ذریعہ کئے گئے تقررات میں باقی رہ گئے ان مخلوعہ جائیدادوں کو زمرہ واری اساس پر مختصر تقررات 2018 کے ذریعہ عمل میں لائے جائیں گے ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل ریاست آندھراپردیش مسٹر جی سرینوار راؤ نے مزید بتایا کہ آئندہ ماہ 14 ستمبر کو تحریری ٹسٹ منعقد کیا جائے گا اور 23 ستمبر کو تحریری ٹسٹ کے نتائج جاری کئے جائیں گے اور اس کے فوری بعد تقررات کا عمل مکمل کرلیا جائے گا ۔