ریاست کو خصوصی موقف پر وائی ایس آر کانگریس کا سخت موقف، اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی
حیدرآباد ۔ 10 ستمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کا 8 ستمبر سے آغاز ہوا۔ مانسون سیشن بالآخر زبردست ہنگامہ آرائی، شدید احتجاج اور شوروغل کی نذر ہوگیا جس کی وجہ سے اسپیکر اسمبلی آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے آندھراپردیش اسمبلی سیشن کو غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا علان کیا۔ آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی میں آج تیسرے دن بھی جیسے ہی ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا، اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہوکر ریاست کیلئے خصوصی موقف کے مطالبہ پر مباحث کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن ارکان اسمبلی جوکہ آج تیسرے دن بھی سیاہ ٹی شرٹس وغیرہ زیب تن کئے ہوئے تھے، اسپیکر اسمبلی کے پوڈیم کو گھیر لیا۔ یہاں تک کہ ایک موقع پر اسپیکر پوڈیم کے روبرو واقع اسمبلی اسٹاف کے ٹیبل پر چڑھ کر بھی سخت احتجاج کیا۔ اس احتجاج کے دوران ہی اسپیکر اسمبلی ڈاکٹر کے مہشور پرساد راؤ نے برسراقتدار تلگودیشم پارٹی کے بعض اہم قائدین کو اظہارخیال کرنے کا موقع فراہم کیا۔ ان قائدین نے اپنے اظہار کے دوران اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس ارکان اسمبلی کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ گذشتہ دو دن کے دوران بھی کسی نہ کسی مسئلہ کی آڑ میں ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرتے رہے۔ ان قائدین نے کہا کہ درحقیقت ریاست آندھراپردیش کی ترقی سے وائی ایس آرکانگریس پارٹی کو ہرگز کوئی دلچسپی نہیں ہے، جس کی وجہ سے ہی وہ ایوان کی کارروائی میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔ اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس ارکان کے احتجاج کے دوران ہی اسپیکر اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے وزیرمحنت و روزگار آندھراپردیش مسٹر کے این نائیڈو کو اظہارخیال کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان ایوان کا وقار متاثر کیا ہے اور ایوان کی کارروائی میں رکاوٹیں پیدا کی ہیں۔ گورنمنٹ چیف وہپ مسٹر کے سرینواس نے بھی اپنا اظہارخیال کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان اسمبلی پر الزام عائد کیا کہ وہ ایوان کو ایک پرتشدد سرگرمیوں کا پلیٹ فارم بنا کر رکھ دیا۔ لہٰذا وائی ایس آر ارکان اسمبلی کے خلاف سخت کارروائی کی اسپیکر اسمبلی سے پرزور اپیل کی۔ بی جے پی مقننہ پارٹی قائد مسٹر وشنو کمار راجو نے بات کرتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان اسمبلی کا طرزعمل انتہائی غیرمہذب اور قابل مذمت ہے اور عہدیداروں کے ساتھ غیرشائستہ برتاؤ کرنے و ٹیبل کرسیوں کو نقصان پہنچانے والے ارکان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا پرزور مطالبہ کیا اور ایوان میں ہنگامہ آرئی جیسے واقعات میں ملوث پائے جانے والے ارکان اسمبلی کو ایوان کی کارروائی سے معطل کرنے کی بھی اپیل کی گئی۔ اسی دوران ایوان کی کارروائی کا آغاز ہونا اندرون 20 منٹ میں اسپیکر اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ، ایوان کی کارروائی کو 10 منٹ کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ جب ایوان کی کارروائی کا کچھ دیر بعد دوبارہ آغاز ہوا، وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان اسمبلی نے پھر سے اپنا احتجاج شروع کردیا۔ اس طرح ایوان میں کوئی معنی خیز مباحث کے بغیر ہی آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا اسپیکر اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے اعلان کردیا جبکہ اپوزیشن ارکان اسمبلی نے ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف کے مطالبہ پر سخت احتجاج کرتے ہوئے اپنا سخت موقف اختیار کیا اور احتجاج ختم نہ کئے جانے و صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایوان کی کارروائی کو اسپیکر نے غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔