انٹر میں ناکام طلبہ کو بہترین رینکس کا حصول ، وزیر فروغ انسانی وسائل ٹی سرینواس راؤ
حیدرآباد /2 مئی ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش میں انجینئیرنگ اگریکلچر وغیرہ کورسیس میں داخلوں کے گذشتہ ماہ منعقدہ ایمسیٹ 2018 کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ۔ شعبہ انجینئیرنگ میں ایمسیٹ نتائج کا اوسط 72.28 فیصد رہا ۔ آج وشاکھاپٹنم میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر فروغ انسانی وسائل جی سرینواس راؤ نے نتائج جاری کئے اور بتایا کہ ایمسیٹ 2018 میں شعبہ انجینئیرنگ کیلئے جملہ 1,90,922 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا ۔ جن کے منجملہ 1,38017 طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی ۔ جبکہ گذشتہ سال کے مقابلہ میں اس سال نتائج کے فیصد میں کمی ہوئی ہے ۔ 8529 طلباء وطالبات کو ایمسیٹ میں بہترین رینکس حاصل ہوئے لیکن انٹرمیڈیٹ میں کامیابی حاصل نہیں کرسکے ۔ اسی طرح جملہ 1,26,197 طلباء و طالبات کو رینکس مختص کئے گئے ۔ وزیر نے مزید بتایا کہ ایمسیٹ شعبہ اگریکلچرل میں جملہ 73,373 طلباء و طالبات نے حصہ لیا تھا جن کے منجملہ 63,883 طلباء و طالبات کو کامیابی حاصل ہوئی ۔ اس طرح شعبہ ایگریکلچرمیں نتائج کا اوسط 87.6 فیصد رہا ۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ اگریکلچرل میں 2668 طلباء و طالبات کو ایمسیٹ رینکس حاصل ہوئے لیکن انٹرمیڈیٹ میں کامیابی حاصل نہیں کی ۔ جبکہ جملہ 58,927 طلباء و طالبات کو ایمسیٹ رینکس مختص کئے گئے ۔ مسٹر جی سرینواس راؤ نے مزید بتایا کہ ریاست میں منعقدہ ایمسیٹ 2018 کیلئے جملہ 187 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے ۔ انجینئیرنگ اور اگریکلچرل شعبہ جات میں داخلوں کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر فرؤغ انسانی وسائل نے کہا کہ 26 مئی سے داخلوں سے متعلق کونسلنگ کا آغاز کیا جائے گا اور کونسلنگ کے عمل کا اختتام ہونے کے ساتھ ہی 11 جون سے تمام انجینئیرنگ و اگریکلچر کالجس میں کلاسیس کا باقاعدہ طور پر آغاز ہوجائے گا ۔