سخت سیکوریٹی انتظامات ، اسٹیٹ چیف الیکٹورل آفیسر کا بیان
حیدرآباد /22 مئی ( سیاست نیوز ) ریاست آندھراپردیش میں منعقدہ اسمبلی و لوک سبھا انتخابات کے سلسلے میں ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کرنے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ووٹوں کی گنتی کا تمام ووٹوں کی گنتی کے مراکز پر صبح 8 بجے سے آغاز ہوگا ۔ سب سے پہلے پوسٹل بیالٹس ، سرویس ووٹس کی گنتی عمل میں لائی جائے گی اور پھر صبح ساڑھے آٹھ بجے سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی گنتی شروع کی جائے گی ۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر آندھراپردپش مسٹر گوپال کرشنا دیویدی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ نتائج کی صورتحال کا اندازہ 12 تا 2 بجے کے دوران ہوجائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر حلقہ اسمبلی کے پانچ وی وی پیاٹس کی گنتی عمل میں لائی جائے گی ۔ ووٹوں کی پرامن گنتی کو عمل میں لانے کیلئے تمام سے پرزور اپیل کی ۔ مسٹر گوپال کرشنا دیویدی نے بتایا کہ مرکزی الیکشن کمیشن کے دو مبصرین ووٹوں کی گنتی کے عمل پر اپنی گہری نظر رکھیں گے اور ووٹوں کی گنتی کے مراکز پر تین سطحی سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ زائد از 25 ہزار پولیس ملازمین کے سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ۔ علاوہ ازیں احتیاطی تدابیر کے تحت 45 مرکزی مسلح نیم فوجی دستووں پر مشتمل کمپنیاں بھی دستیاب رکھی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں ہر کاونٹنگ سنٹر پر احتیاطی تدابیر کے تحت دو بیل انجینئیرس کو بھی تعینات رکھا گیا ہے ۔ مسٹر دیویدی نے بتایا کہ جملہ 2.11 پوسٹل بیالٹس اور 28 ہزار سرویس ووٹس وصول ہوئے ہیں ۔ جبکہ 3.05 پوسٹل بیالٹ پیپرس جاری کئے گئے تھے ۔ ووٹوں کی گنتی کے دوران ہر اسمبلی حلقہ کیلئے ایک ا لیکشن آبزرور ( مبصر ) اور ہر حلقہ لوک سبھا کی سطح پر ایک الیکشن آبزرور تعینات رہیں گے ۔ ووٹوں کی گنتی سے متعلق ہر راؤنڈ کے نتائج جب کا تب اعلان کردئے جائیں گے ۔ اور بالخصوص وی وی پیاٹس سلپس کی گنتی کیلئے وقت درکار ہوگا انہوں نے بتایا کہ مرکزئ الیکشن کمیشن کی قطعی منظوری حاصل ہونے کے بعد ہی باقاعدہ طور پر حلقہ اسمبلی حلقہ لوک سبھا کے نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا ۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر نے ووٹوں کی پرامن گنتی کو یقینی بنانے کیلئے تمام سے بھرپور تعاون کرنے کی پرزور اپیل کی۔