آندھراپردیش ریاست میں آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے

اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ عمارات و شوارع کی حیثیت سے نیرب کمار پرساد مقرر
حیدرآباد /25 جنوری ( سیاست نیوز ) حکومت آندھراپردیش نے گذشتہ دن چار آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ۔ ان احکامات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ عمارت و شوارع کی حیثیت سے مسٹر نیرب کمار پرساد کو متعین کیا گیا اور سینئیر آئی اے ایس عہدیدار مسٹر جی ایس وی پرساد کو کہیں بھی پوسٹنگ نہ دیتے ہوئے ( تعینات نہ کرکے ) انہیں جی اے ڈی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ اسی طرح مسٹر گوپال کرشنا دیو بدی کو محکمہ حیوانات و سمکیات ( انیمل ہیسبنڈری و فشریز) کے سکریٹری عہدے پر فائز کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے وجئے وارہ میں واقع درگا گڈی مندر کے نئے اگزیکیٹیو آفیسر کی حیثیت سے سال 2004 بیاچ سے تعلق رکھنے والی خاتون آئی اے ایس عہدیداد ڈاکٹر ایم پدما کو تعینات کیا گیا ۔ جبکہ ڈاکٹر ایم پدما فی الوقت آندھراپردیش برہمن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں ۔ اسی دوران گذشتہ دن دو سینئیر آئی پی ایس عہدیداروں کو حکومت نے ترقی دیتے ہوئے احکامات جاری کئے تھے ۔ ان میں مسٹر بی وی رمنا کمار جوائنٹ کمشنر پولیس وجئے واڑہ کو انسپکٹر جنرل آف پولیس کے عہدہ پر ترقی دیکر انہیں ایڈیشنل کمشنر پولیس وجئے واڑہ مقرر کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر رمنا کمار آئندہ ماہ کے اختتام پر اپنے 60 سال عمر کی تکمیل پر وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوجائیں گے ۔ علاوہ ازیں مسٹر ٹی کانتی رانا ڈپٹی کمشنر پولیس وجئے واڑہ کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ( ڈی آئی جی ) عہدے پر ترقی دیکر انہیں بحیثیت جوائنٹ کمشنر پولیس وجئے واڑہ کے عہدے پر تعینات کیا گیا ۔