آندھراپردیش اور تلنگانہ کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش

حیدرآباد۔28جولائی( این ایس ایس ) خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں آج جنوبی ہند کی دو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے کئی اضلاع میں زبردست بارش ریکارڈ کی گئی ۔ آندھراپردیش کے ضلع مغربی گوداوری کے نشیبی علاقہ تنکو میں گذشتہ دو روز سے لگاتار بارش کے نتیجہ میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ کئی کھڑی فصلیں زیرآب آگئی ہے ۔ اچنتامنڈل میں برقی کھمبے اکھڑ جانے کے سبب 6مواضعات میں برقی سربراہی کا سلسلہ یکلخت مسدود ہوچکاہے ۔ ضلع مشرقی گوداوری میں بھی گذشتہ روز اور آج زبردست بارش کے نتیجہ میں سیلاب جیسی صورتحال دیکھی گئی ۔ ریلوے اسٹیشنوں پر برساتی پانی جمع ہوجانے کے سبب روڈ ٹرافک مفلوج رہی ۔ ضلع پرکاشم میں بھی زبردست بارش ہوئی ‘ ضلع وشاکھاپٹنم کے دودوماں ڈیم کی سطح آب میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر اس کے پانچ دروازے کھولتے ہوئے سمندر میں پانی چھوڑا گیا ۔ ریاست تلنگانہ کے ضلع ورنگل کے کئی مقامات میں موسلادھار بارش ہوئی ‘ بالخصوص گھن پور کا مورنچہ تالاب لبریز ہوچکا ہے اور اُس کا پانی سڑکوں پر بہنے کے سبب اس ضلع کا ریاست کے مابقی اضلاع سے سڑک رابطہ منقطع ہوچکا ہے ۔ سنگارینی کالریز کے باپولہ پلی کانوں میں موسلادھار بارش کے سبب سارا کام تعطل کا دو روز سے تعطل کا شکار ہوچکا ہے ۔ ضلع کھمم کے چیرلہ منڈل میں واقع کالی پیرو پراجکٹ کے 7دروازے کھول دیئے گئے اور فاضل پانی کو بہادیا گیا ۔ ضلع نلگنڈہ کے مریال گوڑہ میں برساتی پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا ‘ ضلع عادل آباد کے جئے پور منڈل کے تحت موصع ارے پلی میں ایک گھر منہدم ہوجانے کے سبب دو مزدو زخمی ہوگئے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران انہیں 45تا 50کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے ۔ساحلی آندھراپردیش میں ماہی گیروں کو سمندر کے قریب جانے کے خلاف خبردار کیا گیا ہے ۔
ساحلی آندھرا اور شمالی تلنگانہ میں زبردست بارش کی وارننگ
حیدرآباد۔28جولائی ( سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے ساحلی آندھراپردیش اور شمالی تلنگانہ میں آئندہ تین دن کے دوران زبردست بارش کی وارننگ دی اور کہا کہ شمالی تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد ‘ کریم نگر ‘ کھمم ‘ورنگل اور میدک میں موسلادھار بارش ہوگی جب کہ جنوبی تلنگانہ کے مختلف مقامات پر اوسط بارش کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر وائی کے ریڈی نے کہا کہ آئندہ دو تا تین دن کے دوران ساحلی آندھراپردیش اور تلنگانہ میں دور دور تک بارش ہوگی جب کہ رائلسیما میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے ۔ شمالی خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب مانسون غیرمعمولی طور پر سرگرم ہوگیا ۔ تاہم اگر ہوا کے دباؤ میں کمی کا عمل چھتیس گڑھ کے میدانی علاقوں کی سمت پیشرفت کرتا ہے تو بارش میں کمی بھی ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں کبھی ہلکی اور کبھی موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28ڈگری اور کم سے کم 23ڈگری سلسیس رہے گا ۔