آندھراپردیش اسمبلی میں زرعی بجٹ کی پیشکشی

حیدرآباد /22 اگست ( این این ایس ) آندھراپردیش کے وزیر زراعت ٹی پولاراؤ نے ریاستی اسمبلی آج خصوصی زرعی بجٹ برائے سال 2014-15 پیش کیا جو وزیر آبپاشی ڈی اوما مہیشور راؤ کی جانب سے قانون ساز کونسل میں بھی پیش کیا گیا ۔ مجموعی زرعی بجٹ 13,108 کروڑ روپئے پر مشتمل ہے جس میں 6,735 کروڑ روپئے منصوبہ جاتی مصارف کے طور پر مختص کئے گئے ہیں جبکہ 6,373 کروڑ روپئے غیر منصوبہ جاتی مصارف کیلئے مختص رہیں گے ۔ حکومت نے فصلوں پر دئے جانے والے قرض ( کراپ لون ) کی معافی کیلئے 5,000 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں ۔ تخم کی سربراہی پر سبسیڈی کیلئے 12 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے ۔ زرعی آلات و اوزار کو عصری بنانے کیلئے 90 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ محکمہ افزائش مویشیان کیلئے 723 کروڑ روپئے اور محکمہ سمکیات کیلئے 60.7 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ وزیر زراعت نے کہا کہ حکومت نے آئندہ پانچ سال کے دوران 10,000 شمسی پمپ سیٹس نصب کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ کسانوں کو 9 گھنٹے بلاوقفہ مفت برقی سربراہی کیلئے 3,188 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔