فون ٹیپ کرنے کا ثبوت پیش کیا جائے : ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( سیاست نیوز): ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے سری ہری نے آندھرا قائدین سے قانون تنظیم جدید کے کس دفعہ کی خلاف ورزی کی گئی واضح کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سیکشن 8 کے تعلق سے معلومات اور مکمل واقفیت نہ رکھتے ہوئے یہ قائدین من مانی باتیں کررہے ہیں ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسٹر سری ہری نے آندھرا قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور دریافت کیا کہ آخر آندھرا قائدین ہمارے فون ٹیاپنگ کیے جانے کا ثبوت کیوں نہیں پیش کررہے ہیں اور ثبوت پیش کرنے سے کیوں گریز کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے تعلق سے بات کرنے کا اخلاقی حق آندھرا قائدین کو نہیں ہے کیونکہ حیدرآباد تلنگانہ کا صدر مقام ہے اور حیدرآباد تلنگانہ کے عوام کی املاک ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ نوٹ کے عوض ووٹ معاملہ کو دونوں ریاستوں کے عوام کا مسئلہ بنایا جارہا ہے اور بالخصوص آندھرا کے عوام کو اس مسئلہ پر اکسانے کی کوشش کی جارہی ہے اور چندرا بابو نائیڈو معاملہ پر عوامی توجہ ہٹانے ہی آندھرائی قائدین ڈرامہ بازی کررہے ہیں ۔