آندھرائی حکمرانوں نے تلنگانہ پراجکٹس کو نظر انداز کیا

حیدرآباد۔ /13مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے الزام عائد کیا کہ آندھرائی حکمرانوں نے تلنگانہ کے پراجکٹس کی تکمیل پر کبھی بھی توجہ نہیں دی۔ اسمبلی میں بجٹ پر مباحث کے دوران مداخلت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ آندھرائی حکمرانوں نے تلنگانہ میں آبپاشی پراجکٹس کے سنگ بنیاد تو رکھے لیکن ان کی تکمیل پر کبھی بھی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر این چناریڈی کے دور میں تلنگانہ کے پراجکٹس کی تکمیل پر کسی قدر توجہ دی گئی لیکن دیگر حکمرانوں نے صرف سنگ بنیاد تک اپنے آپ کو محدود رکھا۔ انہوں نے وائی ایس راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں تلنگانہ میں بعض پراجکٹس کے سنگ بنیاد کا حوالہ دیا اور کہا کہ تلنگانہ عوام کو خوش کرنے کیلئے صرف سنگ بنیاد رکھا گیا لیکن تکمیل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام آبپاشی پراجکٹس کے ڈیزائن کا از سر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی تکمیل کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ علاقہ کا احاطہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ناگر جنا ساگر پراجکٹ سے لیکر پرانہیتا پراجکٹ تک آندھرائی حکمرانوں نے تلنگانہ کے ساتھ جانبداری کا رویہ اختیار کیا۔ ان کی تکمیل کے سلسلہ میں کبھی بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے تلنگانہ کے پراجکٹس کی ری انجینئرنگ کی تجویز پیش کی اور کہا کہ حکومت پراجکٹس پر خرچ ہونے والا ایک ایک پیسہ سے کسانوں کی بھلائی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے قائد اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ تعمیری تجاویز پیش کریں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ اسمبلی اجلاس کے بعد ہر پراجکٹس کے تحت آنے والے ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے پراجکٹ کی تکمیل کی حکمت عملی طئے کی جائے گی۔