آندھرائی حکمرانوں نے تلنگانہ سے دھوکہ کیا

نلگنڈہ میں چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد 26 اپریل ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج الزام عائد کیا کہ سابقہ حکومتوں نے تلنگانہ علاقہ سے ناانصافی کی ہے جس کے نتیجہ میں خشک سالی کے کیفیت پیدا ہوئی ہے اور غریب عوام نے ٹاؤنس و شہروں کا رخ کیا تھا ۔ نلگنڈہ ضلع کے نکریکل منڈل میں مشن کاکتیہ کے تحت جھیل کی مرمت کے کام کا افتتاح کرتے ہوئے چیف منسٹر نے جھیل کی بحالی اور ترقیاتی کاموں کیلئے دو کروڑ روپئے منظور کئے ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر جی جگدیش ریڈی ‘ رکن پارلیمنٹ بی نرسیا گوڑ ‘ نائب صدر نشین این ودیاساگر راؤ اور دوسرے موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ چندوپٹلہ کا علاقہ ملکہ ردرما دیوی کی تاریخ کی وجہ سے مشہور ہے جنہوں نے یہاں بہادری سے جنگ لڑی تھی ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے یہاں ردرما دیوی کا مجسمہ نصب کیا جائیگا اور تقاریب کا باقاعدہ انعقاد عمل میں لیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ پیدا چیروو جھیل کو بحال کئے جانے کے نتیجہ میں آٹھ گاووں کے پینے کے پانی اور آبپاشی ضروریات کی تکمیل ہوگی ۔ انہوں نے ریاستی وزرا ‘ ارکان اسمبلی ‘ و ارکان کونسل اور ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ جھیلوں کی بحالی کے کام میں حصہ لیں۔