حیدرآباد ۔ 21 جنوری (سیاست نیوز) راجندر نگر کے علاقہ میلار دیو پلی ڈیویژن میں وائی ایس آر پارٹی ضلع کنوینر بی جناردھن ریڈی نے گھر گھر کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ اس موقع پر ایک سی ڈی اور پوسٹرس کو ریلیز کیا گیا۔ سی ڈی میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ترقیاتی اسکیمات کو ظاہر کرتے ہوئے گیت بھی گائے گئے۔ پوسٹرس میں اسکیمات کو بتایا گیا۔ بی جناردھن ریڈی وائی ایس آر کانگریس ضلع رنگاریڈی کنوینر نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ آنجہانی راج شیکھر ریڈی کا دور سنہری دور تھا۔ اب آئندہ انتخابات کے بعد جگن موہن ریڈی اقتدار پر آئیں گے اور دوبارہ سنہری دور واپس آئے گا۔ جگن موہن ریڈی راج شیکھر ریڈی کے ادھورے خوابوں کی تکمیل کریں گے۔ راج شیکھر ریڈی ہر مذہب کی ترقی کیلئے پروگرامس اور اسکیمات کے ذریعہ ریاست کو ترقی کی طرف لے گئے لیکن حادثہ میں اچانک ان کی موت کے بعد ریاست کی ترقی بھی رک گئی۔ ا
نہوں نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ انتخابات کی تیاریاں ابھی سے شروع کردیں اور گھر گھر کا دورہ کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے جو اسکیمات دینے کا اعلان کیا اسے عوام تک پہنچایا جائے۔ آج ہر شخص راج شیکھر ریڈی کی اسکیمات سے واقف ہے۔ انہوں نے ہر شخص کی ترقی کیلئے کام کیا۔ ان کے دور میں 108 ایمبولنس، آروگیہ شری اسکیم کے ذریعہ غریب عوام کو بے حد فائدہ پہنچایا۔ اس کے علاوہ دیگر اور کئی اسکیمات کو متعارف کیا تھا۔ اگر جگن موہن ریڈی اقتدار پر آئیں گے تو دوبارہ وہی سنہرا دور واپس آجائے گا۔ کانگریس کے دور میں عوام پریشان حال زندگی گذارنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ہر شئے کی قیمت میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس موقع پر میلاردیو پلی ڈیویژن قائدین ڈیوڈ، کے شیام، تروپتی ریڈی، رویندر گوڑ، راجو، وینکٹیش گوڑ، روی، نارائنا، سرینواس، پاشاہ، سائی کرشنا ریڈی، اجئے کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے۔