آنجہانی راجیو گاندھی کو 28 ویں برسی پر کانگریس کا خراج

یوم مخالف دہشت گردی کا انعقاد، ملک کی ترقی کیلئے راجیو گاندھی کے کارنامے، اتم کمار ریڈی ، محمد علی شبیر ، جانا ریڈی اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی (سیاست نیوز) سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی 28 ویں برسی کے موقع پر پردیش کانگریس کمیٹی نے زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ سوماجی گوڑہ میں واقع راجیو گاندھی کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے گئے۔ پارٹی نے سابق وزیراعظم کی برسی کو یوم مخالف دہشت گردی کے طور پر منایا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی رکن قانون ساز کونسل جیون ریڈی ، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، سابق وزیر محمد علی شبیر ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، نائب صدرنشین او بی سی سیل کے وینکٹ سوامی ، نائب صدر پردیش کانگریس ملو روی ، سابق سی ایل پی لیڈر کے جانا ریڈی اور دیگر قائدین نے مخاطب کرتے ہوئے ملک کیلئے راجیو گاندھی کی خدمات کی یاد تازہ کی ۔ ان قائدین نے کہا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں ملک کی ترقی کا سہرا راجیو گاندھی کے سر جاتا ہے۔ دہشت گردی نے نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہو تاکہ پرامن ترقی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ دہشت گردوں کی کارروائی میں راجیو گاندھی کی جان ملک پر قربان ہوگئی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کمپیوٹرس اور سیل فونس کے ایجاد کے علاوہ پنچایت راج اداروں کے استحکام میں راجیو گاندھی نے اہم رول ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایل ٹی ٹی ای کے دہشت گردوں نے راجیو گاندھی کو ہم سے چھین لیا ہے ۔ راجیو گاندھی کو گزرے 28 برس ہوگئے لیکن آج بھی ملک ان کے نظریات کا قائل ہے۔ ملک کے عوام ان کی شروع کردہ اسکیمات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ اتم کمار ریڈی نے افسوس کا اظہار کیا کہ راجیو گاندھی جیسی عظیم شخصیت کے وقار کو نریندر مودی نے مجروح کرنے کی کوشش کی ۔ سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا کہ راجیو گاندھی نے پانچ برسوں میں ملک میں کئی اصلاحات کے ذریعہ عوام کو فائدہ پہنچایا۔ نوجوانوں کو 18 سال کی عمر میں حق رائے دہی سے استفادہ کا موقع راجیو گاندھی نے فراہم کیا جو ایک کارنامہ ہے ۔ ہندوستان انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں آج دیگر ممالک سے آگے ہے، اس کا سہرا راجیو گاندھی کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی کی شروع کردہ اسکیمات اور اصلاحات کے فوائد مرکز سے لے کر گاؤں کی سطح تک پہنچے ہیں۔ نریندر مودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد گاؤں کو فنڈس کی اجرائی بند کردی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے مہاتما گاندھی ، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں آر ایس ایس کا کوئی رول نہیں ہے لیکن آج وہ خود کو قوم پرست ظاہر کر رہے ہیں ۔ مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو بی جے پی کی امیدوار سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر دیش بھکت قرار دے رہی ہے۔ رکن کونسل پی جیون ریڈی نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے ، لہذا راجیو گاندھی نے 18 سال کی عمر میں ووٹ کا حق فراہم کیا۔ مرکز سے گاؤں کو راست فنڈس کی فراہمی کیلئے راجیو گاندھی نے قانون سازی کی تھی۔ سابق سی ایل پی لیڈر جانا ریڈی نے کہا کہ راجیو گاندھی کے شروع کردہ اصلاحات کے نتیجہ میں 21 ویں صدی میں ہندوستان ہر شعبہ میں ترقی کی سمت گامزن ہے۔ سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں راجیو گاندھی کی مساعی کو خراج پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی دہشت گردی میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے راجیو گاندھی کے خلاف نریندر مودی کے ریمارکس کی مذمت کی۔ نائب صدر پردیش کانگریس ملو روی نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں نریندر مودی حکومت نے عوام کی بھلائی کیلئے کچھ نہیں کیا، برخلاف اس کے راجیو گاندھی کا 5 سالہ دور ملک کا سنہری دور تھا ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی اپنے والد راجیو گاندھی کے نقش قدم پر گامزن ہیں۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ خواتین کو تحفظات فراہم کرنے کا کارنامہ راجیو گاندھی کا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے بوفورس معاملہ میں انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی گئی لیکن عدالت نے انہیں کلین چٹ دی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے راجیو گاندھی اور اندرا گاندھی کو نشانہ بنانے پر تنقید کی۔ کانگریس کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں بھی راجیو گاندھی کے پورٹریٹ پر پھون نچھاور کئے گئے ۔ لوک سبھا حلقہ حیدرآباد سے کانگریس کے امیدوار محمد فیروز خاں اور دیگر قائدین نے ان تقاریب میں شرکت کی ۔