آنجہانی اندرا گاندھی کی برسی تقاریب دور درشن پر ندارد

رکن راجیہ سبھا کانگریس وی ہنمنت راؤ کا مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی برسی کو دور درشن پر نہ بتانے پر مرکزی وزیر فینانس واطلاعات و نشریات کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سخت احتجاج کیا اور غریب عوام کے جذبات کو ٹھیس پہونچانے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ۔ مسٹر وی ہنمنت راو نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار پٹیل کو اہمیت دینے کے خلاف نہیں ہے کیوں کہ سردار پٹیل بھی کانگریس قائد تھے ۔ تاہم مرکزی حکومت نے ایک منظم سازش کے تحت ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم جنہیں 17 سال تک وزیراعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل ہے کی بجائے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کو اہمیت دی ہے اور اندرا گاندھی کو فراموش کردیا جنہوں نے ملک کے لیے اپنی زندگی قربان کردی ہے ۔ وزیر اعظم اگر سردار ولبھ بھائی پٹیل کے نظریات پر عمل کرنا چاہتے ہیں تو وہ سب سے پہلے آر ایس ایس پر امتناع عائد کریں ۔ گاندھی جی کے قتل کے بعد سردار ولبھ بھائی پٹیل نے آر ایس ایس پر امتناع عائد کیا تھا ۔ انہوں نے ارون جیٹلی کو لکھے گئے مکتوب میں بتایا کہ آنجہانی اندرا گاندھی نے اپنے دور حکومت میں کئی ایسے عملی اقدامات کئے ہیں جو ناقابل فراموش ہیں ۔ انہوں نے کئی قوانین نافذ کئے ہیں جس میں بندھوا مزدور ، غریب اور بے گھر افراد میں اراضیات کی تقسیم ، بینکوں کو قومیایا گیا ، لیکن ان کی برسی تقریب کو مرکزی حکومت اور دور درشن کی جانب سے یکسر نظر انداز کردیا گیا جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں اور ارون جیٹلی سے بحیثیت کانگریسی اور ایک ہندوستانی سوال کرتے ہیں کہ کیا انہوں نے دور درشن کو آنجہانی اندرا گاندھی برسی تقاریب کو نہ دکھانے کی کوئی ہدایت دی تھی ۔۔