جسٹس شاہ محمد قادری ، جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : بیت المدینہ سوسائٹی ، عزیز باغ نور خاں بازار کے زیر اہتمام بہ تعاون ایلڈرس تھنک ٹینک آنجہانی امبا راؤ دیشپانڈے ( بزرگ برادر جسٹس وامن راؤ نائب صدر تھنک ٹینک ) کی تصنیف ’ میرے تاثرات ‘ کی رسم اجراء بدست جسٹس سید شاہ محمد قادری سابق جج سپریم کورٹ دفتر روزنامہ سیاست میں عمل میں آئی ۔ ’ میرے تاثرات ‘ دراصل 132 اہم مضامین کا مجموعہ ہے جو گذشتہ 25 سال میں روزنامہ سیاست میں شائع ہوچکے ہیں ۔ جسٹس شاہ محمد قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرے تاثرات کے مضامین اہمیت کے حامل ہیں ۔ جن میں انصاف پسندی اور حق گوئی کو اہمیت دی گئی ہے جو مصنف کے زور قلم کا نتیجہ ہیں ۔ موصوف نے کہا کہ کتاب اتنی دلچسپ ہے کہ شروع کرنے کے بعد اختتام تک دلچسپی برقرار رہتی ہے ۔ انہوں نے کہا پہلے زمانہ میں مذہبی روا دار و بھائی چارگی حیدرآباد کی تہذیب کا حصہ تھی اب اس کی برقراری ہم سب کی ذمہ داری ہے اردو زبان سارے ملک کی زبان ہے اور روزنامہ سیاست کی مقبولیت مسلمہ ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر حسن الدین احمد آئی اے ایس ریٹائرڈ کو کتاب کی اشاعت پر مبارکباد دی ۔ جسٹس وامن راو سابق جج اے پی ہائی کورٹ نے کہا کہ میرے بڑے بھائی مرحوم اردو کے دلدادہ تھے اور روزنامہ سیاست سے جذباتی وابستگی تھی ان کے مضامین صرف روزنامہ سیاست ہی میں شائع ہوئے ۔ اور جناب عابد علی خاں صاحب مرحوم موصوف کے مضامین بڑے اہتمام سے شائع کرتے ۔ برادر محترم کی خواہش تھی کہ مضامین کو کتابی شکل دی جائے ۔ اس خواہش کو میرے دوست حسن الدین احمد نے بہت جلد پورا کیا اور اردو اکیڈیمی سے جزوی مالی امداد حاصل ہوئی جس کے لیے میں حسن الدین احمد اور پروفیسر ایس اے شکور کا ممنون ہوں اور جسٹس قادری کو ہدیہ تشکر پیش کرتا ہوں جن کے بدست کتاب کی رسم اجراء عمل میں آئی ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے رسم اجراء تقریب منعقد کی جس کے لیے میں خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ جناب زاہد علی خاں مدیر سیاست نے کہا کہ والد محترم عابد علی خاں صاحب سے انباراؤ صاحب کے بہتر روابط تھے اور موصوف کے مضامین کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ۔ انباراؤ صاحب کے مضامین کی اشاعت کے بعد قارئین سیاست کے تاثرات بھی شائع ہوتے جس سے مضامین کی مقبولیت کا اندازہ ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ روزنامہ سیاست کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے اور انٹرنیٹ کے ذریعہ سینکڑوں اردو داں حضرات سیاست کا مطالعہ کرتے ہیں ۔ علاوہ ازیں سیاست کی فلاحی خدمات اظہر من الشمس ہیں ۔ ابتداء میں علی الدین قادری ابوالعلائی جنرل سکریٹری ایلڈرس تھنک ٹینک و جوائنٹ سکریٹری سادات ویلفیر سوسائٹی نے حاضرین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ محترم حسن الدین احمد کی حیثیت ایک جوہری کی ہے ۔ انہوں نے انباراؤ صاحب کے مضامین کی خصوصیت اور اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے مضامین کو کتابی شکل دی جو کہ اردو داں طبقہ کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے ۔ جناب عابد صدیقی صدر یم ڈی ایف نے معزز مہمانوں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا ۔ اس یادگار محفل میں ڈاکٹر حسن الدین احمد کے برادر میجر احمد عبدالعزیز ، یم اے وحید ، ڈاکٹر مسعود جعفری ، ڈاکٹر سیادت علی ، ڈاکٹر جاوید کمال ، مولانا سمیع اللہ حسینی سکریٹری سادات ویلفیر سوسائٹی ، بھاسکر بینی ، انور علی ایڈوکیٹس ، اختر احمد صدیقی مشیر انکم ٹیکس ، و دیگر ادباء و شعراء حضرات نے شرکت کی ۔۔