آل انڈیا سرویس امتحانات کے لیے کوچنگ فراہم کرنے تلنگانہ اسٹڈی سنٹر کے قیام کی تجویز

حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : کیپٹن اپل پانڈو رنگاریڈی نے ایک پریس نوٹ میں کہا کہ آل انڈیا سروسیس جیسے آئی اے ایس / آئی پی ایس میں آندھرا پردیش بشمول تلنگانہ کی نمائندگی 10 فیصد ہونا چاہئے تھا کیوں کہ ہماری آبادی ہندوستان کی آبادی کا تقریبا دس فیصد ہے لیکن یہ 4 فیصد سے زیادہ نہیں ہے ۔ اس لیے جسٹس کونڈا مادھو ریڈی فاونڈیشن نے سیما آندھرا کے بالعموم اور تلنگانہ کے بالخصوص خواہش مند امیدواروں کے لیے ایک رجسٹرڈ کوچنگ سنٹر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس مجوزہ اسٹڈی سنٹر کا نام ہوگا تلنگانہ اسٹڈی سرکل ۔ یہ اسٹڈی سرکل نہ صرف یونین پبلک سرویس امتحانات ( آئی اے ایس ، آئی ایف ایس ، آئی پی ایس وغیرہ ) کے لیے پروگرامس منعقد کرے گا بلکہ تلنگانہ پبلک سرویس امتحانات جیسے گروپ I اور II کے لیے بھی کوچنگ پروگرامس منعقد کرے گا ۔ یہ اسٹڈی سرکل فوج ، بحریہ ، فضائیہ اور کوسٹ گارڈس میں کمیشنڈ آفیسرس بننے کے خواہاں امیدواروں کے لیے بھی رہنمائی فراہم کرے گا ۔۔