آلیر فرضی انکاونٹر پولیس کا بدبختانہ اقدام

حیدرآباد۔27مئی(سیاست نیوز)آلیر فرضی انکاونٹر تلنگانہ پولیس کا ایک بدبختانہ اقدام ہے جس کی ہر شعبہ سے مذمت کے باوجود حکومت تلنگانہ خاطی ،پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے آلیر فرضی انکاونٹر واقعہ کی پردہ پوشی میںلگی ہوئی ہے۔دھرنا چوک ‘ اندرا پارک پر ریاستی تنظیم انصاف کے زیر اہتمام آلیر فرضی انکاونٹر کے خلاف منعقدہ ایک روزہ بھوک ہڑتال کے موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمنٹ جناب سیدعزیز پاشاہ ان خیالات کا اظہار کررہے تھے۔صدر تنظیم انصاف تلنگانہ میر احمد علی کی قیادت میںمنعقدہ بھوک ہڑتال کیمپ سے سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی‘ جنرل سکریٹری تنظیم انصاف تلنگانہ منیرپٹیل‘ صدر انصاف گریٹر حیدرآباد سید کلیم الدین عسکر‘ سماجی جہدکار مجاہد ہاشمی‘ محترمہ ممتاز اور دیگر نے بھی مخاطب کیا۔جناب سید عزیزپاشاہ نے اپنی تقریر کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ سوریہ پیٹ میںپیش آئے پولیس پر حملے کے بدبختانہ واقعہ کے جواب میںپولیس نے پانچ بے قصور مسلم نوجوانوں کو مد بھیڑ کے نام پر قتل کردیا۔ انہو ںنے کہاکہ آلیر انکاونٹر کی تصاویر سے صاف ظاہر ہے کہ پولیس کا بیان جھوٹ کا پلندہ ہے۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ ہتھکڑیوں میںجکڑے ہوئے محروس زیر دریافت قیدیوں کو حملہ آور ہونے پر جوابی کاروائی میں قتل کرنے کا پولیس کا بیان خود اس بات کی دلیل ہے کہ پانچ بے قصور مسلم نوجوانوں کی موت پولیس خصومت کا نتیجہ ہے۔جناب سیدعزیز پاشاہ نے آلیر او رشیش چلم فرضی انکاونٹر واقعہ کی ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے مذمت اور واقعہ کو قتل عام قراردینا ۔

سی پی آئی اسٹیٹ جنرل سکریٹری تلنگانہ ریاست مسٹر چاڈا وینکٹ ریڈی نے بھوک ہڑتال کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجوزہ اسمبلی اجلاس میں سی پی آئی آلیر فرضی انکاونٹر کے مسئلہ کو اٹھائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پانچ زیردریافت قیدیوں کو گولیوں سے چھلنی کرنے کے بعد واقعہ کو انکاونٹر کا نام دیکر ریاست کی مسلم اقلیت کو پولیس اور حکومت تلنگانہ خوف ودھشت کاشکار بنانے کاکام کیا ہے ۔صدر تنظیم انصاف تلنگانہ ریاست میر احمد علی نے آلیر فرضی انکاونٹر پر ملت کے ذمہ داران کی مجرمانہ خاموشی پر تاسف کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ تنظیم انصاف آلیر فرضی انکاونٹر متاثرین کے ساتھ انصاف تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ جناب مجاہد ہاشمی نے بھوک ہڑتال کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی تحویل میںپانچ بے قصورمسلم نوجوانوں کا قتل عام اس ملک کے جمہوری نظام پر ایک بدنما داغ ہے۔انہوں نے آلیرفرضی انکاونٹر کے مہلوکین کی نماز جناز ہ کے اہتمام میںبھی ساز ش کا پولیس اور مقامی قائدین پر الزام عائد کیا۔