آلیر انکاؤنٹر کیخلاف آج حسینی علم میں کل جماعتی احتجاجی جلسہ عام

حیدرآباد۔/23مئی، ( پریس نوٹ ) پانچ مسلم نوجوانوں کا عدالتی تحویل کے دوران بہیمانہ قتل اور سی بی آئی یا برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کے مطالبہ پر حکومت تلنگانہ کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف کل جماعتی احتجاجی جلسہ عام زیر صدارت مولانا سید حامد حسین شطاری24مئی کوبعد مغرب بارہ گلی روڈ منعقدہے۔ حکومت تلنگانہ نے آج تک بھی فرضی انکاؤنٹر میں شامل پولیس والوں کو معطل نہیں کیا ہے۔ ٹی آر ایس کے مسلم قائدین اور مسلمانوں کی قیادت بھی بے حسی کا شکار ہے۔ مہلوک وقار کے بارے میں پولیس کا بیان یہ ہے کہ اس نے ہتھکڑیوں میں جکڑے ہونے کے باوجود پولیس کے ہتھیار چھین کر 17پولیس والوں کو مارنے کی کوشش کی تھی جو ناقابل قیاس بات ہے۔ اگر یہ فرض بھی کرلیا جائے تو دیگر 4 نوجوانوں کو کس وجہ سے قتل کیا گیا۔ عدالت میں زیر دوران مقدمہ میں ملزمین کو قتل کرنے کیلئے اختیارات پولیس کو کس نے دیئے تھے۔ پس پردہ کام کرنے والے عناصر کے نام بھی ابھی تک سامنے نہیں آئے ہیں۔ کیا چیف منسٹر تلنگانہ اوروزیر داخلہکے علم میں لائے بغیر پولیس ایسی کارروائی کی جرأت کرسکتی ہے؟ یہ بھی سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ جبکہ اجمل قصاب کو جس کے خلاف سخت دفعات لگائے گئے اسے بھی انصاف رسانی کے تمام ذرائع مہیا کئے گئے تھے۔ مظلوم نوجونوں کے بے رحمانہ قتل پر سخت اور متحدہ احتجاج وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ اگر ہم اس وقت خاموش رہیں تو ظالموں کا حوصلہ اور بھی بڑھ جائے گا اور دہشت گردی کے نام نہاد الزامات عائد کرکے مسلم نوجوانوں کا فرضی انکاؤنٹر ہوتا رہے گا۔ ضرورت ہے کہ حکومت تلنگانہ کو مجبور کرنے کیلئے متحدہ آواز اٹھائی جائے تاکہ قاتلوں کو قرار واقعی سزا ملے اور پس پردہ کام کرنے والے بھی عوام کے سامنے آجائیں۔ اس مرکزی احتجاجی جلسہ کو صدر کے علاوہ جناب عثمان شہید ایڈوکیٹ، مولانا نصیر الدین، مولانا حامد محمد خاں( امیر جماعت اسلامی تلنگانہ ) مولانا حسین شہید ( معمد عمومی سید غوث خاموشی اسلامک ٹرسٹ ) امجد اللہ خاں خالد سابق کارپوریٹر مجلس بچاؤ تحریک، جناب سید سعادت علی ایڈوکیٹ کنوینر محبان تعمیر ملت، جناب علی مسقطی، جناب عثمان الہاجری ( صدر وقف پروٹیکشن سل ) محمد مشتاق ملک ( صدر تحریک مسلم شبان ) جناب علاء الدین انصاری ایڈوکیٹ، عبدالستار مجاہد ( مسلم لیگ ) جناب سید یوسف ہاشمی ( تلنگانہ سکریٹری کانگریس کمیٹی ) جناب مجاہد ہاشمی ( مجلس عمل ) جناب عبدالقدوس غوری ایڈوکیٹ کے علاوہ مہمانان خصوصی انقلابی شاعر غدر، جناب سید عزیز پاشاہ سابق ایم پی ( سی پی آئی ) پروفیسر کودنڈا رام( چیرمین جے اے سی ) پروفیسر ویدا کمار ( تلنگانہ چرچہ فورم ) نعیم اللہ شریف، ثناء اللہ خان، لائق علی مخاطب کریں گے۔ جلسہ کی نظامت جناب الیاس طاہر کریں گے۔ پانچ شہداء کے لواحقین اور متعلقین بھی اس جلسہ میں شرکت کریں گے۔کنوینر عبدالرحیم ٹیپو نے عامتہ المسلمین سے شرکت کی خواہش کی ہے۔