نئی دہلی ۔ 29 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فضائی آلودگی ہمارے لئے نئی بات نہیں لیکن موجودہ صورتحال اس قدر تشویشناک ہوتی جارہی ہے کہ 2025 ء تک تقریباً 32,000 افراد دہلی میں موت کا شکار ہوجائیں گے ۔ میکس پلانک انسٹی ٹیوٹ فار کمیسٹری کے حالیہ تجزیاتی مطالعہ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہندوستان کا سب سے زیادہ آلودہ شہر دہلی موجودہ آلودہ شہر بیجنگ کو بھی پیچھے کردے گا۔ آئندہ 10 سال کے دوران آلودگی کی وجہ سے اموات کے معاملہ میں دہلی سرفہرست رہے گا اور یہی رجحان برقرار رہا تو پھر کولکتہ بھی اس فہرست میں شامل ہوجائے گا ۔ ہندوستان کے تمام بڑے شہروں میں فضائی ، صوتی اور آبی آلودگی کی وجہ سے اوزون پرت کو کافی نقصان ہورہا ہے اور عوامی زندگیوں پر اس کے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔