آلودگی سے پاک گاڑیاں بنائیں، ورنہ پچھتائیں ! آٹو میکرس کو گڈکری کا مشورہ

نئی دہلی ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کار بنانے والی کمپنیوں جو روایتی ایندھن سے چلنے والی گاڑیاں بناتے ہیں، وہ مرکزی وزیر نتن گڈکری کا واضح پیام نوٹ کرلیں کہ متبادل فیول اختیار کریں یا پھر وہ آلودگی کی روک تھام اور درآمدات کو روکنے کی کوشش میں انہیں تلف کردینے میں پس و پیش نہیں کریں گے۔ وزیر روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مطابق الیکٹرک وہیکلس سے متعلق ایک کابینی نوٹ تیار ہے جو چارجنگ اسٹیشنوں کے امور کا احاطہ کرے گی۔ گڈکری نے ایس آئی اے ایم کے یہاں سالانہ کنونشن میں کہا کہ ہمیں متبادل ایندھن کی طرف بڑھنا چاہئے۔ میں یہ اقدام کرنے والا ہوں، چاہے آپ اسے پسند کرے یا نہ کرے اور میں آپ سے اس معاملہ میں رائے پوچھونگا بھی نہیں بلکہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو تلف کردوں گا۔ آلودگی، درآمدات کے معاملہ میں میرے خیالات نہایت واضح اور شفاف ہیں۔ حکومت کے پاس درآمدات کو گھٹانے اور آلودگی کی روک تھام کیلئے نہایت واضح پالیسی موجود ہے۔ انہوں نے درپردہ انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سے تعاون کرنے والوں کو فائدہ حاصل ہوگا اور پیسہ بٹورنے میں مصروف گوشے مشکل میں پڑ جائیں گے۔ گڈکری نے کمپنیوں سے کہا کہ حکومت سے بعد میں اس بنیاد پر رجوع ہونے سے گریز کریں کہ ان کے پاس گاڑیوں کا بڑا اسٹاک موجود ہے جو متبادل ایندھن پر نہیں چلتا ہے۔