آصف نگر زون میں شادی کے اوقات کی تبدیلی پر غور

عنقریب مالکین فنکشن ہالس سے بات چیت ، آصف نگر پولیس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : آصف نگر پولیس نے شادی خانوں کے اوقات میں تبدیلی کا ارادہ کرلیا ہے ۔ امکان ہے کہ بہت جلد شادی خانوں کے مالکین و ذمہ داروں کا ایک اجلاس طلب کیا جائے گا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر مسٹر غوث محی الدین نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کی سہولیات اور حفاظت کی خاطر پولیس نے اس طرح کے اقدام کا فیصلہ کیا ہے ۔ رات دیر گئے تقاریب کے انعقاد سے امن و ضبط کے علاوہ شہریوں کے تحفظ کو بھی خطرہ ہوگیا ۔ سڑکوں پر غیر اخلاقی حرکتیں اور سب سے اہم حادثات کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آصف نگر ڈیویژن میں علاقہ جات ٹولی چوکی ، نانل نگر ، ریتی باولی ، مغل کا نالہ ، رنگ روڈ ، مانصاحب ٹینک ، مہدی پٹنم ، آصف نگر ان علاقوں میں فنکشن ہالس کی تعداد زیادہ ہے اور ان مقامات پر رات کے وقت ٹرافک کا مسئلہ اور بالخصوص ہیوی وہیکلس کا گذر رہتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پرانے شہر میں مذہبی قائدین کی مدد سے ساوتھ زون پولیس نے جو اقدام کیا ہے اب آصف نگر ڈیویژن میں اس طرح کی پالیسی پر عمل آوری کے لیے پہل جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد اعلیٰ عہدیداروں سے اجازت حاصل کرنے کے بعد پولیس سخت رویہ اختیار کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ شادی خانوں کے مالکین کے لیے وقت مقرر کیا جائے گا اور رات ایک تا دیڑھ بجے کے بعد کسی بھی شادی خانے میں تقریب پر کارروائی کی جائے گی ۔ جناب غوث محی الدین نے بتایا کہ شادی خانے کے مالک کے علاوہ تقریب کے ذمہ دار کو بھی کارروائی کا نشانہ بنایا جائے گا ۔ اے سی پی آصف نگر نے بتایا کہ رات دیر گئے تقاریب کے انعقاد سے شہریوں کو خود تقاریب میں شرکت کرنے والوں کو بے پناہ مسائل کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طویل مشق کے بعد ڈیویژن میں اس پالیسی پر عمل کے لیے ارادہ کیا گیا ہے ۔ تاکہ حادثات کی روک تھام کو یقینی بناتے ہوئے شہریوں پولیس کی مزید بہتر خدمات فراہم کی جاسکیں ۔۔