اسلام آباد 18 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کل پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے قائدین کیلئے دعوت افطار کا اہتمام کرینگے ۔ واضح رہے کہ ایک دن قبل ہی آصف زرداری نے ملک کی طاقتور فوج کے خلاف ریمارکس کئے تھے جس پر انہیں وزیر اعظم نواز شریف کی تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ پارٹی کے ایک لیڈر نے کہا کہ اسلام آباد میں زرداری ہاوز میں کل ہونے والی افطار کی دعوت میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو عشائیہ پر مدعو کیا جائیگا ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ آیا وزیر اعظم نواز شریف کو مدعو کیا جائے یا نہیں۔ سمجھا جارہا ہے کہ آصف علی زرداری کل کی دعوت میں فوج کے خلاف اپنی غیر متوقع برہمی کی وضاحت کرنے کی کوشش کرینگے حالانکہ وہ نپے تلے بیانات دینے کے لئے جانے جاتے ہیں۔ پشاور میں 16 جون کو ایک تقریر کے دوران زرداری نے برہمی کے عالم میں فوج سے کہا تھا کہ وہ جنوبی صوبہ سندھ میں ان کی پارٹی کو نشانہ بنانے سے گریز کرے ۔ واضح رہے کہ نیم فوجی رینجرس کے سربراہ میجر جنرل بلال اکبر نے کراچی میں سیاستدانوں پر کرپشن میں ملوث رہنے کا الزام عائد کیا تھا ۔