آصف جاہ سابع نواب میر عثمان علی خاں کو خراج

یوم پیدائش پر تلنگانہ فاؤنڈرس فورم و تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹس فورم کی تقریب
حیدرآباد۔6اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹس فورم اور مسلم ریزرویشن فرنٹ کے مشترکہ وفد نے آصف جاہ سابع نواب میر عثمان علی خان کی 129 ویں سالگرہ کے موقع پر مسجد جودی واقع کنگ کوٹھی پہنچ کر آصف جاہ سابع کی مزار چادر گل پیش کی اور نظام ہشتم کے کارناموںکو بھر پور خراج عقیدت بھی پیش کیا۔صدرنشین حیدرآباد دکن ڈیموکرٹیک الائنس وکوکنونیر 1969تلنگانہ مومنٹ فاونڈرس فورم ڈاکٹر کولیرو چرنجیوی‘ صدر تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹ فورم عبدالوحید احمد ایڈوکیٹ‘صدر مسلم ریزرویشن فرنٹ افتخار احمدایڈوکیٹ‘ سمیر یمنی‘محمد نظام الدین‘ محمدعظیم ‘ محمد مسعود‘ میر واجد علی خان‘ محمد برہان کے علاوہ تلنگانہ وکلاء اور سماجی جہدکاروں کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ ڈاکٹر چرنجیوی نے نظام ہشتم کو ریاست حیدرآباد کی ترقی کا علمبردار حکمران قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی ترقی نظام سابع کے معاشی اصلاحات کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کو حاصل آمدنی میں نظام سابع کے معاشی اصلاحات کو اہمیت کا حامل قراردیا ۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ سے تمام سرکاری اعزازت کے ساتھ نظام سابع کی سالگرہ تقریب منانے کا مطالبہ کیا۔ جناب وحید احمد ایڈوکیٹ نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ساٹھ سالوں میںآندھرائی حکمرانوں نے آصف جاہی حکمرانوں بالخصوص نظام ہشتم کے دور حکمرانی کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی ہرممکن کوشش کی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ نظام سابع اگر جابر یا ظالم حکمران ہوتے تو کیا ریاست حیدرآباد کی انڈین یونین میںشمولیت کے بعد جمہوری ریاست کا راج پرمکھ نظام سابع کو مقرر کیا جاتا ۔انہوں نے آندھرائی حکمرانوں کی تیار کردہ غلط تاریخ کے مطالعہ سے اپنے ذہنوں کو پراگندہ کرنے والوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ریاست حیدرآباد کی حقیقی تاریخ کامطالعہ کریں تاکہ تاریخ حیدرآباد کی قدیم گنگاجمنی تہذیب کا احیاء عمل میں لاتے ہوئے سنہری تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو یقینی بنانے کا کام کیا جاسکے۔