حیدرآباد 19 جنوری(آئی این این ) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل یادو ریڈی نے سیما آندھرا قائدین کی جانب سے سابق ریاست حیدرآباد کے فرماں رواں آصفجاہ سابع نواب میر عثمان علی خان بہادر پر سیما آندھرا کے قائدین کی جانب سے کی گئی تنقیدوں کی آج سخت الفاظ میں مذمت کی۔ ریاستی قانون ساز کونسل میں ریاستی تنظیم جدید بل پر بحث کے دوران مداخلت کرتے ہوئے یادو ریڈی نے کہا کہ حضور نظام کا انتظامیہ سیما آندھرا کے سیاستدانوں کی حکمرانی سے ہزار گنا بہتر تھا۔
انہوں نے کہا کہ حضور نظام کی سابق آصفجاہی حکومت کے خلاف کوئی تبصرہ کرنے سے قبل سیما آندھرا قائدین کو سابق فرماں رواں کی حکمرانی کے بارے میں جان لینا چاہئے تھا۔ مسٹر یادو ریڈی نے کہا کہ سیما آندھرا قائدین اس بات سے بالکل بے خبر ہیں 1956 سے قبل حیدرآباد کیا تھا۔ یادو ریڈی نے کہا کہ نظام کے خلاف سیما آندھرائی قائدین کے بیانات انتہائی قابل مذمت اور نا قابل برداشت ہیں۔