آشا ، آنگن واڑی ورکرس کیلئے ترغیبات میں اضافہ

نئی دہلی ۔ 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آشا اور آنگن واڑی کے ہزارہا ورکرس کیلئے خوشخبری میں وزیراعظم نریندر مودی نے آج اعلان کیا کہ اکٹوبر سے ان کے ماہانہ اعزازیہ میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں تمام مسلمہ سوشیل ہیلت کارکنوں کو مختلف سوشیل سیکوریٹی اسکیم کے تحت لایا جائے گا اور پردھان منتری جیون جیوتی بیما یوجنا اور پرائم منسٹر سرکشا بیما یوجنا کے تحت فری انشورنس بھی فراہم کیا جائے گا۔ سوشیل ہیلت کارکنوں کو انشورنس کا کوئی پریمیم ادا کرنا نہیں پڑے گا اور انہیں کوئی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں 4 لاکھ روپئے حاصل ہوں گے۔ پرائم منسٹر نے یہ اعلان ملک بھر کے آشا، اے این ایم اور آنگن واڑی ورکرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ نظرثانی شدہ ترغیبات اکٹوبر سے نافذالعمل ہوں گی۔