آسیہ اندرابی کی سری نگر میں یوم پاکستان تقریب

سری نگر ، 23مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) دختران ملت کی طرف سے جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں ایک بار پھر یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نہ صرف پاکستان کا قومی ترانہ ‘پاک سرزمین’ گایا گیا بلکہ پاکستان پرچم لہرانے کے علاوہ پاکستان کی تعریف میں نغمے بھی گائے گئے ۔ نامعلوم جگہ پر منعقد ہونے والی اس تقریب میں دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر کا ہر ایک مسلمان پاکستانی ہے اور دو قومی نظریے کی بنیاد پر جموں وکشمیر پاکستان کا حصہ ہے ۔انہوں نے کہا ‘ہم دو ہی قوموں کو جانتے ہیں۔ ایک ہے مسلمان اور دوسرا کافر۔ ہم مسلمان ہیں اور مسلمانوں کا وطن پاکستان ہے ۔ پاکستان کسی خاص قومیت کی بنیاد پر وجود میں نہیں آیا ہے ۔ پاکستان اسلام کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے ‘۔ اگرچہ تقریب کی کوریج کیلئے میڈیا کو نہیں بلایا گیا تھا، تاہم دختران ملت کی بعض خواتین قائدین نے اس تقریب کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘فیس بک’ پر لائیو چلایا۔ بتادیں کہ دختران ملت کی طرف سے یوم پاکستان کے موقع پر ہر سال یہ تقریب منعقد کی جاتی ہے جس میں پاکستان کا قومی ترانہ گانے کے علاوہ پاکستان پرچم لہرائے جاتے ہیں۔ آسیہ اندرابی کو گذشتہ برس اس تقریب کے انعقاد کی وجہ سے کئی ماہ تک جیل میں بند رہنا پڑا تھا۔سرینگر کی نامعلوم جگہ پر منعقد ہونے والی اس تقریب کے شرکاء نے ‘کشمیر بنے گا پاکستان، پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ الا للہ، جیوے جیوے پاکستان، اسلام زندہ باد’ جیسے نعرے لگائے ۔ کئی شرکاء کے ہاتھوں میں پاکستان پرچم اور کلمہ طیبہ والے جھنڈے دیکھے گئے جبکہ تقریب گاہ کی دیواروں پر متعدد بینرس آویزاں کئے گئے تھے جن پر یہ تحریر درج تھیں ‘نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے۔