آسیہ اندرابی کو 30 دن کیلئے عدالتی تحویل

دختران ملت کی سربراہ اور دو خاتون ساتھی تہاڑ جیل منتقل
نئی دہلی ۔ 16 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) کشمیری علحدگی پسند آسیہ اندرابی کو دہلی کی ایک عدالت نے مبینہ طورپر پاکستان کی مدد سے ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے سے متعلق ایک مقدمہ کے ضمن میں آج ایک مہینہ کے لئے عدالتی تحویل میں دیدیا ۔ اندرابی کو جو ممنوعہ تنظیم دختران ملت کی سربراہ ہیں این آئی اے کی 10 روزہ تحویل کی تکمیل پر ان کی دو ساتھیوں کے ہمراہ عدالت میں پیش کیا گیا ۔ڈسٹرکٹ جج پونم بامبا نے ان تینوں کو ایک ماہ کیلئے عدالتی تحویل میں دیدیا جب این آئی اے نے کہا کہ اپنی تحویل میں ان سے مزید پوچھ گچھ اب درکار نہیں ہے۔ این آئی نے دعویٰ کیا کہ پوچھ گچھ سے انکشاف ہوا ہے کہ پڑوسی ملک کی مدد سے وہ ملک میں مہم چلارہی تھیں اور الزام عائد کیا کہ وہ ہندوستانی یکجہتی اور خودمختاری کی سنگین و بدترین استحکام شکنی کی سازشوں اور سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ ان تینوں ملزمین کو تہاڑ سنٹرل جیل میں رکھا گیا ہے ۔ آسیہ اندرابی کی دو قریبی رفقاء صوفی فہمیدہ اور ناہیدہ نسرین کے خلاف اس سال اپریل میں ہی مقدمہ درج کیا گیاتھا ۔