نئی دہلی’3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ماتر شری میڈیاایوارڈ سمیتی نے سال 2018 کے لئے پرنٹ اور الیکڑانک میڈیا کے صحافیوں کو دئے جانے والے ایوارڈ کا آج اعلان کردیا۔ اس سال یو این آئی اردو کی صحافی آسیہ انتخاب سمیت 26 صحافیوں اور ایک سماجی کارکن کو ‘ماترشری ‘ ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے جب کہ اکشے کمار کی فلم ‘ٹوائلٹ ۔۔ایک پریم کتھا’ کو بہترین فلم اعلان کیا گیا ہے ۔ایوارڈ کمیٹی کے کنوینر دنیش شرما نے بتایا کہ اس ادارہ کی طرف سے گذشتہ 42برسوں سے صحافیوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ دینے کا سلسلہ جاری ہے ۔اس سال جن صحافیوں کو ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے ان میں پی ٹی آئی کے امن دیپ شکلا’ پی ٹی آئی بھاشا کے ویبھو مہیشوری’ یو این آئی کی ثانیہ پانڈے ‘ یونیوارتا کے راجیو چنداپریتی’ دینک بھاسکر کے کارٹونسٹ اسماعیل لہری(اندور)’ نوبھارت ٹائمز کے پرشانت جین’ دینک ہندوستان کی سنیتا تیواری’ امر اجالا کے شجاعت عالم ‘ دینک جاگرن کے شری بھگوان جھا’ پنجاب کیسری دہلی کے سریندر پنڈت’ جن ستا کے فلم مبصر رویندر ترپاٹھی’ دینک جاگرن کے فوٹو گرافر وپن ‘ سینئر صحافی نریندر بھنڈاری و دیگر کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔