آسیان چوٹی کانفرنس میںشرکت کیلئے مودی کی آج لاؤس روانگی

نئی دہلی 6 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آسیان اور مشرق ایشیا چوٹی کانفرنسوں میں شرکت کیلئے روانگی سے قبل وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستان جنوب مشرقی ایشیائی اقوام کیساتھ طبعی اور ڈیجیٹل رابطوں کو بہتر بنانا چاہتا ہے اور عصری بین مربوط دنیا کا خواہاں ہے جو دونوں کیلئے فائدہ مند ہو ۔ انہوں نے کہا کہ آسیان تنظیم ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی کا ایک اہم شراکت دار ہے ۔ یہ پالیسی ہمارے شمال مشرقی خطہ کی معاشی ترقی کیلئے اہمیت کا حامل ہے ۔ وزیر اعظم آسیان اور مشرق ایشیا چوٹی کانفرنسوں میں شرکت کیلئے کل لاؤس روانہ ہو رہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے ایک بیان میں یہ بات بتائی ۔ لاؤس کے دارالحکومت میں وہ 14 ویں آسیان ۔ ہندوستان چوٹی کانفرنس میں اور 11 ویں ایسٹ ایشیا کانفرنس میںشرکت کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے سکیوریٹی مفادات کیلئے آسیان کے ساتھ حکمت عملی شراکت داری کی برقراری اور اس کو فروغ دینے بھی اہمیت کا حامل ہے ۔