آسکر ایوارڈ کیلئے عرفان کی فلم ’’دوب‘‘ بھی مقابلہ میں شامل

لاس اینجلس ۔ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اداکار عرفان خان کی فلم ’’دوب‘‘ کو آئندہ سال کیلئے بنگلہ دیش کی جانب سے آسکر ایوارڈ کیلئے پیش کیا جائے گا۔ ہالی ووڈ کے ایک رپورٹر کے مطابق ’’دوب‘‘ کو مصطفی سرور فاروقی نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ اس فلم پر ابتداء میں بنگلہ دیش میں پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم اب یہ بیرون ممالک کی بہترین فلموں کے زمرے میں مقابلہ کرے گی۔ اس فلم میں عرفان خان جو اس وقت کینسر کے علاج کیلئے لندن میں ہیں، کے علاوہ پرنومترا اور بنگلہ دیش کی رقیہ پراچی اور امروز تریشا بھی اہم اداکار ہیں۔ اس فلم کی کہانی ایک کامیاب فلم ڈائرکٹر جاوید حسن (عرفان خان) کی ہے جسے اپنی زندگی کے وسطی حصہ میں (جب وہ ادھیڑ عمر کا ہوجاتا ہے) عجیب و غریب حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جہاں اسے اپنی بیٹی کی بچپن کی سہیلی سے پیار ہوجاتا ہے اور بعدازاں دونوں شادی بھی کرلیتے ہیں۔ اس کہانی نے بنگلہ دیش میں ایک طوفان کھڑا کردیا تھا۔ رقیہ نے عرفان کی بیوی کا، امروزتریشا نے بیٹی کا اور پرنو نے بچپن کی سہیلی کا کردار ادا کیا ہے۔ یاد رہیکہ آسکر ایوارڈ کی تقریب آئندہ سال 24 فروری کو منعقد کی جائے گی۔