آسٹریلیا 151 آؤٹ، بمبرا کو 6 وکٹ، انڈیا کو بھاری مجموعی سبقت

پہلی اننگز میں 292 رنز کی سبقت کے بعد ہندوستان 54/5 ۔ کوہلی اور پجارا صفر پر آؤٹ مگر ٹیم کو 346 کی مجموعی برتری

ملبورن، 28 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تیزگیندباز جسپریت بمرا (6/33) کے کریئر کی بہترین کارکردگی سے ہندوستان نے آسٹریلیا کو تیسرے کرکٹ ٹسٹ کے آج تیسرے دن پہلی اننگز میں 151 رن پر سمیٹ دیا لیکن دن کے اختتام تک ٹیم انڈیا نے اپنے پانچ وکٹ 54 رن تک گنوا دیئے ۔ ہندوستان دوسری اننگز میں لڑکھڑا گیا لیکن دنیا کی نمبر ایک ٹیم انڈیا 346 رن کی مجموعی برتری کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں نظرآرہی ہے ۔ ہندوستان نے دوسری اننگز میں جس طرح وکٹ گنوائے اسے دیکھتے ہوئے یہ کہا جارہا ہے کہ اس نے 292 رن کی بڑی سبقت کے باوجود آسٹریلیا کو فالوآن کیوں نہیں کرایا۔ یارکرمین بمرا نے جس طرح 15.5 اوور میں 33 رن پر چھ وکٹ حاصل کرکے آسٹریلیا کی اننگز کو سمیٹ دیا تھا۔ اسی طرح پیاٹ کمنس نے بھی چھ اوور کی خطرناک گیندبازی میں صرف 10 رن دے کر چار وکٹ حاصل کرکے ہندوستان کے ٹاپ آرڈر کو تباہ کردیا۔ کمنس نے ہنوما وہاری (13)، پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے چتیشور پجارا (صفر)، کپتان ویراٹ کوہلی (صفر) اور نائب کپتان اجنکیا رہانے (1) کو پویلین واپس بھیجا ۔ جوش ہیزلووڈ نے روہت شرما (5) کو آؤٹ کرکے رہی سہی کسر پوری کردی۔ اسٹمپس کے وقت سلامی بلے باز ماینک اگروال 28 اور وکٹ کیپر رشبھ پنت 6 رن بناکر کریز پر موجود تھے ۔ تیسرے ٹسٹ کا تیسرا دن دو تیز گیند بازوں کے نام رہا۔ بمرا نے 33 رن پر چھ وکٹ لئے جو کسی ہندوستانی فاسٹ بولر کی آسٹریلیا کے خلاف بہترین کارکردگی ہے ۔ بمراہ کی یہ اپنی بھی بہترین کارکردگی ہے ۔

انہوں نے اس سال جنوری میں جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ میں 54 رن پر پانچ وکٹ لینے کے اپنے گزشتہ بہترین کارکردگی کو بہتر بنایا۔ کمنس نے آٹھ گیندوں کے وقفہ میں چار ہندوستانی بلے بازوں کو پویلین واپس بھیج کر ویراٹ کے فالو آن نہیں کرانے کے فیصلے پر سوال کھڑے کردیئے ۔ پجارا اور ویراٹ کا ایک ہی اوور میں صفر پر آؤٹ ہونا حیرانی میں ڈالنے والا رہا۔ پجارا نے پہلی اننگز میں 106 اور ویراٹ نے 82 رن بنائے تھے ۔ پجارا 67 ٹسٹ میچوں میں ساتویں بار اور ویراٹ 76 ٹسٹ میچوں میں آٹھویں بار صفر پر آؤٹ ہوئے ۔ ہندوستان نے دوسری اننگز میں اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کے لئے 28 رن جوڑے ۔ لیکن کمنس نے اس کے بعد ہندوستانی اننگز پر قہر برپاکردیا۔ کمنس نے 13 ویں اوور کی آخری گیند پر ہنوما کو عثمان خواجہ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ ہنوما نے 45 گیندوں میں 13 رن بنائے۔ کمنس نے اپنے اگلے اوور کی دوسری گیند پر پجارا اور آخری گیند پر ویراٹ کو مارکس ہیرس کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ کمنس نے پھر اپنے اگلے اوور کی پہلی گیند پر رہانے کو ٹم پین کے ہاتھوں کیچ کرا کر انڈیا کا اسکور چار وکٹ پر 32 رنز کر دیا۔ پہلی اننگز میں ناٹ آؤٹ نصف سنچری بنانے والے روہت نے ہیزل ووڈ کی گیند پر شان مارش کو کیچ دیا۔ انڈیا کا پانچواں وکٹ 44 کے اسکور پر گرا۔