آسٹریلیا گروپ کی رکنیت پر ہندوستان کو امریکہ کی مبارکباد

واشنگٹن۔24جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ہندوستان کو آسٹریلیا گروپ کا نیا رکن بننے پر مبارکباد دی ہے ۔ ہندوستان کی شمولیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا گروپ کے ارکان کی تعداد 43 ہوگئی ہے ، جو کیمیائی و جراثیمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کرنے کا غیر رسمی فورم ہے ۔ منگل کے روز محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوارٹ کی طرف سے جاری کئے گئے اخباری بیان میں امریکہ نے کہا کہ یہ تازہ پیشرفت یہ ثابت کرتی ہے کہ ہندوستان بڑے پیمانے پر تباہی کے اسلحہ کے عدم پھیلاؤ کے تئیں پابند عہد ہے اور اسلحہ کے عدم پھیلاؤ کے لئے ہندوستان کی کاوشیں اہم ہیں، جن میں حساس اشیاء اور ٹیکنالوجی کی خرید و فروخت کو منظم کرنا بھی شامل ہے ۔ گروپ میں ہندوستان کی شمولیت سے اسلحہ کے عدم پھیلاؤ کے لئے اس کی کوششیں مزید مؤثر ہوں گی۔ قابل غور ہے کہ اقوام متحدہ نے شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے حملہ کرنے والوں کی تحقیقات کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی تھی جس کو روس نے مکمل طور پر ناکام اور ناقابل اعتبار بتاتے ہوئے مخالفت کی تھی۔