آسٹریلیا کے سیاستداں دولت اسلامیہ کے جنگی علاقہ سے واپسی پر گرفتار‘کُرد جنگجوؤں کی مدد کا الزام

ملبورن۔5اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کا ایک سابق سیاستداں آج ڈارون ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا ۔ وہ مشرقی وسطیٰ سے واپس ہورہا تھا ‘ جہاں پر اُس نے مبینہ طور پر دولت اسلامیہ عسکریت پسندوں کے خلاف کُرد جنگجوؤں کی مدد کی تھی ۔ میتھوگارڈینر شمالی علاقہ کی لیبر پارٹی کے سابق صدر ہیں جو جنوری میں آسٹریلیا سے روانہ ہوئے تھے ‘ انہیں ایئرپورٹ کسٹم کے عہدیداروں نے روک لیا جب کہ وہ مشرقی وسطیٰ سے برائے سنگاپور وطن واپس آئے تھے ۔ روزنامہ’’ سڈنی مارننگ ہیرالڈ ‘‘ نے اس کی خبر شائع کی ہے ۔43سالہ گارڈینر نے سوشل میڈیا پر کردوں کے مقصد سے اظہار ہمدردی کیا تھا اور شام کے سفر پر روانہ ہوگئے تھے ‘ اُس وقت وہ پولیس کی زیرنگرانی تھے ۔ کُرد جنگجو دولت اسلامیہ کے خلاف سخت جنگ کررہے ہیں ۔ گذشتہ سال سے ہی کردوں اور دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے درمیان تصادم جاری ہے ۔