ملبورن ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) رائل آسٹریلین ایرفورس کے طیاروں نے نیپال کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ کارروائی کرتے ہوئے زائد از 100 افراد کو بچایا جن میں 66 آسٹریلیائی شہری بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں طیاروں کے ذریعہ امدادی اشیاء بھی سربراہ کی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق RAAF C-17 گلوب ماسٹر ٹرانسپورٹ طیاروں کو نیپال میں پھنسے آسٹریلیائی شہریوں کا بحفاظت تخلیہ کرنے روانہ کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں ان طیاروں کے ذریعہ 15 ٹن تارپولین، ادویات، بلانکٹس اور پانی کو خالص بنانے والی گولیاں بھی سربراہ کی گئیں۔ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اب بھی ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب کوہ پیماؤں کی پسندیدہ جگہ لوکلا میں آسٹریلیا کی شہری پھنسے ہوئے ہیں۔ دوسری طرف اے بی سی کی اطلاع کے مطابق متعدد آسٹریلیائی شہری یہاں آسٹریلیائی سفارتخانہ میں پناہ لئے ہوئے تھے۔ دریں اثناء آسٹریلیائی سفیر متعینہ نیپال گلین وائیٹ کو یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی کہ وہ زلزلہ سے متاثرہ نیپال میں موجود آسٹریلیائی شہریوں کا حساب کتاب رکھیں یعنی کتنے لوگ حفاظت سے ہیں، کتنے لوگ پھنسے ہوئے ہیں، کتنے لوگ زخمی ہوئے اور کتنے لوگ ہلاک ہوئے وغیرہ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ہم نے تقریباً ہر آسٹریلیائی شہری کا پتہ لگا لیا ہے اور تقریباً تمام لوگ محفوظ ہیں۔