ملبورن ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں نئی حکومت کی تشکیل کیلئے ہفتہ 2 جولائی کوعام انتخابات منعقد کئے جارہے ہیں جہاں توقع ہیکہ 15 ملین افراد اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے جبکہ انتخابی میدان میں امیدواروں کی تعداد 1600 بتائی گئی ہے جن میں پانچ ہندوستانی نژاد امیدوار بھی شامل ہیں۔ تمام 1600 امیدواروں کا تعلق 55 مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے جبکہ کلیدی مقابلہ وزیراعظم مالکم ٹرنبل اور اپوزیشن قائد بل شارٹن کے درمیان ہے جو اندرون تین سال آسٹریلیا کے پانچویں وزیراعظم بننے کے خواہاں ہیں۔ انتخابات کے ذریعہ تمام 226 ارکان کا انتخاب عمل میں آئے گا جن میں 45 ویں پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے 150 ارکان کا انتخاب بھی شامل ہے۔