کینبرا۔30اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) رائل آسٹریلین ایئر فورس (RAAF) سے وابستہ طیارے ہمالیائی مملکت نیپال میںآئے زبردست زلزلہ کے بعد وہاں پھنسے ہوئے آسٹریلیائی شہریوں کے تخلیہ کیلئے بالکل تیار ہیں ۔ وزیر خارجہ جولی بشپ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 1400 آسٹریلیائی شہریوں کا پتہ چل گیا ہے تاہم اب بھی کچھ ایسے آسٹریلیائی شہری ہیں جن کا محل وقوع نامعلوم ہے ۔ ژینہوا خبر رساں ایجنسی کے مطابق 80آسٹریلیائی شہریوں نے کھٹمنڈو میں واقع آسٹریلیائی سفارت خانہ میں پناہ لے رکھی ہے ۔جولی بشپ نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ زلزلہ متاثرین کو بذریعہ طیارہ محفوظ مقامات منتقل کیا جائے گا کیونکہ زلزلہ کے بعد حفظان صحت کے حالات ناقص ہوگئے ہیں اور کمرشیل فلائٹس بھی دستیاب نہیں ہیں ۔ RAAF C-17 گلوب ماسٹر طیارہ جس میں 15ٹن امدادی سامان لدا ہوا ہے آج کھٹمنڈو پہنچے گا ۔ جولی بشپ کے مطابق آسٹریلیا کی بحران سے نمٹنے والی ٹیم تمام لاپتہ آسٹریلیائی شہریوں کا پتہ لگا لے گی کیونکہ اب بھی کچھ آسٹریلیائی شہری وہاں پھنسے ہوئے ہیں ۔ امدادی سامان پہنچانے کے بعد جس میں خیمے اور ادویات کے علاوہ غذائی اجناس بھی شامل ہیں ‘ طیارہ آسٹریلیا ئی شہریوں کو بنکاک لے جائے گا ۔