سڈنی ۔ 16ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلوی وزیر اعظم ٹونی ایبٹ نے کہا ہیکہ وہ اقوام متحدہ کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں شریک نہیں ہوں گے۔ یہ ایک روزہ کانفرنس نیویارک میں منعقد ہو رہی ہے جبکہ اس میں دنیا کے 125 ممالک کے رہنما شرکت کر رہے ہیں۔ ٹونی ایبٹ نے ابھی حال ہی میں سبز مکانی گیسوں کے اخراج پر عائد کاربن ٹیکس ختم کر دیا تھا۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس عالمی کانفرنس میں امریکی صدر باراک اوباما کی شرکت متوقع ہے۔ اس کانفرنس میں2009ء کی کوپن ہیگن کانفرنس سے زیادہ تعداد میں عالمی رہنما شرکت کر رہے ہیں۔
اسکاٹ لینڈ کی برطانیہ سے علیحدگی
ریفرنڈم میں دو دن باقی
لندن ، 16ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) اسکاٹ لینڈ کی برطانیہ سے علیحدگی کے فیصلے پر ریفرنڈم میں دو دن باقی ہیں۔ مگر کچھ منچلوں نے ابھی سے انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان جعلی بارڈر بنا کر سیاحوں سے چھیڑ چھاڑ شروع کردی ہے۔ اسکاٹ لینڈ کی آزادی کے ریفرنڈم پر برطانیہ میں گرماگرم بحث جاری ہے۔ سیاسی ماحول کو ٹھنڈا کرنے کیلئے منچلوں نے انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان ہائی وے پر واقع کارٹر بار کے مقام پر جعلی پاسپورٹ چیک پوسٹ بنا لیا۔ مگر ساتھ ہی بورڈ کے ساتھ لکھا کہ بارڈر 19 ستمبر یعنی ریفرنڈم کے اگلے روز کھلے گا۔ اس طرح کچھ دیر کیلئے سیاحوں کو بے وقوف بنایا گیا۔