آسٹریلیائی ملزمین کی سزائے موت کیخلاف انڈونیشیا سے سفیر کی بازطلبی

سڈنی۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے دو شہریوں میورن سکمارن اور اینڈریو چان کو منشیات اسمگلنگ کرنے کے جرم میں انڈونیشیاء میں سزائے موت دی گئی جس کا سخت نوٹ لیتے ہوئے آسٹریلیا نے بطور احتجاج اپنے سفیر متعینہ انڈونیشیا کو باز طلب کرلیا۔ وزیراعظم آسٹریلیا ٹونی اباٹ نے واضح طور پر کہا کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران جو ہوا، وہ برسوں پرانی رفاقت اور دوستی میں شگاف پیدا کرنے کے مترادف ہے۔ ہم انڈونیشیا کی مطلق العنانی کا احترام کرتے ہیں ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احترام کا مطلب یہ نہیں کہ انڈونیشیا جو بھی کرتا رہے گا، ہم اس کا احترام کرتے رہیں گے۔ سفارتی طور پر رحم کی درخواست کے باوجود انڈونیشیاء نے آسٹریلیائی شہریوں کو سزائے موت دی۔ سکمارن اور چان تابی نائن منشیات کی اسمگلنگ کرنے والی ٹولی کا حصہ ہیں، انہیں ہائی سکیورٹی والی جیل میں فائرنگ اسکواڈ کے حوالے کردیا گیا۔

شام میں بمباری، 31 ہلاک
بیروت ۔ 29 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شامی اپوزیشن ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر بشارالاسد کے وفادار فورسس کے فضائی حملوں کے نتیجہ میں 6 بچوں کے بشمول 31 افراد ہلاک اور دیگر 50 زخمی ہوگئے ہیں۔ شمالی صوبوں حلب اور ادلیب میں یہ حملے کئے گئے تھے۔ شامی نگرانکار ادارہ برائے انسانی حقوق نے دعویٰ کیا کہ جنوبی حلب میں مہلوک چار افراد میں ایک کمسن بچی بھی شامل ہے۔ دیر حافر اور باب میں دیگر 7 شہری ہلاک ہوگئے۔