آسٹریا میں ٹرک سے 71 تارکین وطن کی نعشیں برآمد

59 مرد، 8 خواتین ، 4 بچے شامل ، لیبیا میں بھی سینکڑوں ڈوب گئے
ویانا؍طرابلس ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریا میں ٹرک سے تارکینِ وطن کی 71 لاشیں برآمدہوئی ہیں۔پولیس نے بلجیم میں تین افراد کو حراست میں بھی لیا ہے جن پر شبہ ہے کہ وہ یہ ٹرک چلا رہے تھے۔جبکہ لیبیا میں بھی سیکڑوں تارکین وطن ڈوب گئے۔ آسٹریا میں حکام کا کہنا ہے کہ انھیں ہنگری سے متصل مشرقی سرحد کے قریب ایک لاوارث ٹرک سے جو خراب حال لاشیں ملی ہیں ان کی کل تعداد 71 ہے۔یہ ٹرک ویانا جانے والی مرکزی سڑک کے کنارے پانڈارف قصبے کے قریب پایا گیا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ بدھ سے یہاں کھڑا تھا، لیکن اس کے بارے میں جمعرات کو علم ہوا۔حکام نے اس ٹرک کو مزید معائنے کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا اور انھوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں 59 مرد، آٹھ خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افراد ٹرک کی دریافت سے ڈیڑھ سے دو دن پہلے ہلاک ہو چکے تھے اور ان کے جسم گلنا سڑنا شروع ہو گئے تھے۔پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ ٹرک کے ہنگری سے سرحد عبور کر کے آسٹریا میں داخلے سے قبل ہی یہ افراد ہلاک ہو چکے تھے۔ ادھر لیبیا کے شہر زوارہ کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی دو کشتیاں الٹنے سے سیکڑوں افراد کے ڈوب جانے کا خدشہ ہے۔ تاہم ذرائع نے بتایا کہ 111 افراد ہلاک ہوئے ہیں درجنوں لاپتہ ہیں ۔
حکام اور مقامی افراد کے مطابق ان کشتیوں میں 500 کے قریب افراد سوار تھے۔پہلی کشتی جس میں 50 کے قریب افراد سوار تھے، جس سے جمعرات کو مدد کے لیے اشارہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد ڈوبنے والے دوسری کشتی میں تقریباً 400 افراد سوار تھے۔ریڈ کراس کے مطابق امدادی کارکنوں نے سمندر سے 82 لاشیں نکالی ہیں، اور 182 افراد کو بچا لیا ہے۔ریڈ کراس کے ابراہیم العتوشی نے کہا ہے کہ ایک سو سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔طرابلس کے مغرب میں واقع زوارہ شہر کے ایک رہائشی نے میڈیا کو بتایا کہ شہر کے ہسپتال میں کم از کم 100 لاشیں لائی گئی ہیں۔مقامی شخص کے مطابق ان کشتیوں میں سوار تارکین وطن کا تعلق شام، بنگلہ دیش اور زیرِ صحارا کے ممالک سے ہے۔