برلن۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریا میں قتل کے الزامات کا سامنا کرنے والے قازقستان کے ایک سابق سفارتی عہدیدار دارالحکومت ویانا جیل کی کوٹھری میں پھانسی پر لٹکے ہوئے پائے گئے۔ جیل حکام نے کہا ہے کہ یہ خودکشی کا واقعہ ہے۔ راحت علیئف منگل کی صبح ویانا کی جوزف اسٹاڈ جیل کے باتھ روم میں پھانسی پر لٹکے ہوئے پائے گئے۔ جیل کے ڈائریکٹر پیٹر پریچٹل نے توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بظاہر یہ خودکشی کا واقعہ ہے۔ راحت علیئف جو قازقستان کے صدر نور سلطان نذر بائیف کے علیحدہ شدہ داماد ہیں۔ ان پر گزشتہ دسمبر کے دوران قازقستان میں دو بینک مینیجرس کے اغوا اور قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا اور اس سال مارچ یا اپریل کے دوران مقدمہ کی سماعت کا آغاز متوقع تھا۔