لندن۔ 28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک پائلٹ اور اُس کے ساتھی نے بحرالکاہل کے اوپر آسمانوں میں پراسرار زرد اور سرخ چمک دیکھی ہے ۔ عجیب و غریب نوعیت کی یہ روشنیاں روسی جزیرہ نما کامدھکا کے جنوبی حصہ میں دیکھی گئی جبکہ یہ پائلیٹس ہانگ کانگ سے الاسکا کو بوئنگ 747-8 کی فلائیٹ چلارہے تھے ۔ فوری طورپر انھیں اس تعلق سے کوئی وضاحت نہیں سوجھی اور اُنھوں نے قیاس کیا کہ یہ روشنیاں شاید سمندر کی تہہ کے نیچے کسی زبردست آتش فشاں کے دھماکے سے برآمدہوئی ہوں گی ۔ ولندیزی پائلٹ جے پی سی وان ہیسٹ نے کہا کہ 10 گھنٹے کی پرواز کے دوران پانچ گھنٹوں کا سفر طئے ہوا تھا کہ انھوں نے گرج و چمک کی مانند یکایک روشنی دیکھی جو عمودی سمت جارہی تھی ۔ اس کے 20 منٹ بعد گہری سرخ اور زرد رنگ کی روشنی نظر آئی اور یہ تجربہ وان ہیسٹ کو اچنبھے میں ڈال گیا۔ کیونکہ انھیں بحیثیت پائلیٹ اپنے کیرئیر میں اس طرح کا اتفاق پہلی بار ہوا۔