آسا رام کے مقدمہ کا آج فیصلہ ، سخت سکیورٹی متاثرہ لڑکی کے مکان کے اطراف پولیس جوان تعینات

شاہ جہاں پور۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جودھپور میں ایس سی ؍ ایس ٹی کی خصوصی عدالت کی جانب سے کل خود ساختہ بھگوان آسا رام کے خلاف 2012ء کے عصمت ریزی کیس میں فیصلہ سنایا جائے گا۔ ضلع نظم و نسق کی جانب سے سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ خاص کر متاثرہ نوجوان لڑکی کے مکان کے اطراف پولیس جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ آسا رام کو شاہ جہاں پور سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان لڑکی کے عصمت ریزی کے کیس میں محروس رکھا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے چند واڑہ میں خود ساختہ بھگوان کے آشرم میں یہ لڑکی زیرتعلیم تھی۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس کے بی سنگھ نے کہا کہ متاثرہ لڑکی کے خاندان والوں کے تحفظ کیلئے پولیس جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ سکیورٹی کی نگرانی کی جارہی ہے۔ آسارام کے آشرم پر بھی نظر رکھی گئی ہے۔ اس ماہ کے اوائل میں جج مدھوسدن شرما نے اس کیس کی قطعی جرح کی سماعت کی تھی اور اپنا فیصلہ 25 اپریل تک کیلئے محفوظ کردیا تھا۔ راجستھان ہائیکورٹ کی ہدایت کے مطابق تحت کی عدالت یہ فیصلہ سنائے گی۔