آسام کابینہ میں توسیع ‘7نئے وزراء کا اضافہ

گوہاٹی ۔26اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر آسام سرابنند سونووال نے آج اپنی کابینہ میں 7 وزراء کا اضافہ کیا ۔ ان کی کابینہ میں یہ پہلی توسیع ہے جبکہ 2016ء میں ان کی حکومت کا قیام عمل میں آیا تھا ۔ تفصیلات میں بتایا گیا کہ متذکرہ 7وزراء میں سے 4کابینی درجہ کے حامل ہیں اور 3ریاستی وزراء کے درجہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ سدھارتھ بھٹاچاریہ ‘ بھابیش کلپنا ‘ سوم رونگھانگ ‘ تپن گوگوئی اور پجوش ہزاریکا بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں ۔ پھنی بھوشن چودھری اے جی پی سے اور چندن برہما بی پی ایف سے تعلق رکھتے ہیں کو گورنر جگدیش مکھی نے ایک تقریب میں راج بھون میں عہدہ اور راز داری کا حلف دلایا ۔ سات وزراء میں سے پھنی بھوشن چودھری اور چندن برہما کابینی وزراء کا سابق تجربہ کے حامل ہیں جو سابق حکومتوں میں بھی ان عہدوں پر فائز تھے ۔ سرابنندہ سونووال کی وزارت نے 24مئی 2016ء کو حلف لیا تھا جس میں 11وزراء موجود تھے ۔ اب ان سات وزراء کے اضافہ کے بعد بھی ایک عہدہ مخلوعہ رہ جاتا ہے ۔ چیف منسٹر 8کابینی وزراء اور 2وزراء ریاستی درجہ کے حامل جو آزادانہ چارج رکھتے تھے حلف لیا تھا ۔