آسام میں کار بم دھماکہ، دو ہلاک

گوہاٹی۔/24جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) آسام کے دیما ہاوساؤ ڈسٹرکٹ میں ایک کار بم دھماکے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکہ سات کیلو نامی علاقہ میں رونما ہوا جس کے بعد پولیس کو تباہ شدہ کار میں سے دو جلی ہوئی نعشیں ملیں۔ ایک پولیس عہدیدار کاکہنا ہے کہ بادی النظر میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ دونوں افراد بم کسی اور جگہ لے جارہے تھے کہ راستے میں ہی وہ پھٹ پڑا جس سے نہ صرف کار کے پرخچے اُڑ گئے بلکہ وہ دونوں بھی جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ ان کی شناخت نہیں ہوئی ہے۔ دوسری طرف دیکھی جولی بس اسٹینڈ سے پولیس نے ایک دستی بم برآمد کیا ہے۔ سیکوریٹی فورسیس نے انتباہ دیا ہے کہ آسام میں عسکریت پسند تنظیمیں بشمول اُلفا ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر دہشت گرد حملہ کرسکتے ہیں۔ شمال مشرقی علاقوں کے 12 عسکریت پسند گروپس نے 26 جنوری کو عام ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو یوم جمہوریہ تقریبات کا بائیکاٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ونود بھاری ویمنس کمیشن میں حاضری میں ناکام
نئی دہلی 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے متنازعہ وزیر قانون سومناتھ بھارتی آج خواتین کمیشن کے اجلاس پر حاضر ہونے میں ناکام ہوگئے اور اپنے بجائے ایک وکیل کو نمائندگی کے لئے روانہ کیا جس کی وہاں کمیشن کے سربراہ برکھا سنگھ سے اُس وقت بحث ہوگئی جب اُنھوں نے اس نمائندگی کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔ واضح رہے کہ سومناتھ بھارتی پر جنوبی دہلی میں قحبہ گری اور منشیات کے مبینہ ریاکٹ پر دھاوے کے بہانے متعدد افریقی خواتین سے بدسلوکی کرنے کا الزام ہے۔ ان خواتین کے اپارٹمنٹ پر عام آدمی پارٹی کے کارکنوں کے ایک گروپ نے حملہ کردیا تھا جس کی قیادت مبینہ طور پر سومناتھ بھارتی کررہے تھے۔ افریقی خواتین نے بدسلوکی کے واقعہ پر وضاحت کیلئے دہلی ویمنس کمیشن نے اُنھیں طلب کیا تھا تاہم وہ وہاں حاضر ہونے کے بجائے پتنگ بازی کے مقابلے میں چلے گئے۔