آسام میں مورال پولیسنگ کا ایک اور واقعہ

جوڑے کی رات بھر پٹائی ۔ خاتون کا سر مونڈھ دیا گیا
گوہاٹی / ناگاوں 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مورال پولیسنگ کے ایک اور واقعہ میں آسام کے ناگاوں ضلع میں گاوں والوں نے ایک جوڑے کو رات بھر پیٹا اور خاتون کا سر منڈھوا دیا ۔ یہ کارروائی مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کی بنا پر کی گئی ۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ کل جھمرمر کے مقام پر پیش آیا اور تشویشناک حالت تک زخمی اس جوڑے کو آج صبح پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔ ابتداء میں انہیں ایک مقامی دواخانہ کو منتقل کیا گیا تھا تاہم بعد میں ناگاوں کے سیول ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ۔ ایک پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ آسام میں اس طرح کا یہ جاریہ ماہ میں تیسرا واقعہ ہے جہاں مقامی افراد نے قانون اپنے ہاتھ میں لے کر لوگوں کو مارپیٹ کا نشانہ بنایا ہے ۔ اڈیشنل ایس پی رپل داس نے بتایا کہ پولیس کو صبح کے وقت کچھ افراد نے مطلع کیا ۔ پولیس ٹیم وہاں پہونچی اور گاوں والوں نے اس جوڑے کو پولیس کے حوالے کردیا ۔ وہ بہت زیادہ زخمی تھے اور دواخانہ میںشریک کردئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ابتدائی تحقیقات کے بعد مقدمہ درج کریگی ۔ مقامی آوٹ پوسٹ کے ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پڑوسی گاؤں کا ایک شخص رات میں خاتون کے مکان پہونچا تھا ۔ وہاں گاوں والے کثیر تعداد میں جمع ہوگئے اور اس جوڑے پر ناجائز تعلقات کا شبہ کرتے ہوئے انہیں مارپیٹ کا نشانہ بنایا ۔