حق رائے دہی کے استعمال کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت
جورہاٹ ۔ 7 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ آسام ترون گوگوئی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ’’مودی کی نہ کوئی لہر ہے اور نہ کوئی جادو‘‘ اور کانگریس زائد از دس نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں مودی کا جادو نہیں بلکہ گوگوئی کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے ۔ قبل ازیں میں نے کہا تھا کہ کانگریس دس نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی لیکن اب میرا کہنا یہ ہے کہ کانگریس کو اس سے بھی زائد نشستوں پر کامیابی ملے گی ۔ خانگی الیکٹرانک میڈیا چیانلس نے مودی کی مصنوعی لہر پیدا کی ہے لیکن آسام کے پہاڑوں اور میدانی علاقوںکے علاوہ ہر کھیت میں صرف کانگریس کی لہر چل رہی ہے۔ ریاست میں رائے دہی کا تناسب 75 فیصد سے زائد ہونے کی توقع ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے حلقہ رائے دہی کالیا بور کا حوالہ دیا جہاں سے ان کے بیٹے گورو گوگوئی انتخابی میدان میں ہیں، ترون گوگوئی نے کہا کہ اس حلقہ کے عوام انہیں اور ان کے ارکان خاندان کو بہت چاہتے ہیں اور صبح 6 بجے ہی اپنے حق رائے دہی کے استعمال کیلئے گھروں سے نکل آئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ گورو یقینی طور پر اس حلقہ سے کامیابی حاصل کریں گے اور رائے دہی کا تناسب بھی پوری ریاست میں سب سے زیادہ کالیابور میں ہوگا ۔